گورکھپور اسپیشل ایجوکیشن زون بنے گا: پردھان

گورکھپور، 10 دسمبر- تعلیم، ہنر اور کاروباری ترقی کے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے تین فعال اور ایک زیر تعمیر یونیورسٹی کے ذریعہ گورکھپور کو ایک خصوصی تعلیمی زون بنانے کا اعلان کیا ہے۔مسٹر پردھان جمعہ کو مہارانا پرتاپ ایجوکیشن کونسل کے 89 فاؤنڈر ویک کی تقریبات کے اختتامی پروگرام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زون کی طرز پر اسپیشل ایجوکیشن زون تیزی سے عالمی شہری بننے کے قابل بنائے گا جو وزیراعظم کی منشا اور نئی قومی تعلیمی پالیسی کی ضرورت کے مطابق ہو گا۔مرکزی وزیر تعلیم نے کہا کہ اسپیشل ایجوکیشن زون سے پوری دنیا کے مسائل کا حل گورکھپور میں تلاش کیا جائے گا اور اس میں مہارانا پرتاپ ایجوکیشن کونسل کے ادارے اور اس کے طلباء اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں نئی تعلیمی پالیسی اسٹریٹجک تبدیلی کے مطابق تیار کی گئی ہے۔مسٹر پردھان نے بتایا کہ اس پالیسی کا مقصد ہندوستان کو دنیا کا نمبر ایک ملک بنانا ہے۔ نمبر ایک عالمی تسلط کے لیے نہیں بلکہ عالمی فلاح کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کا مقصد ہندوستان کے بچوں کو عالمی شہری بنانا ہے۔ عالمی شہری بننے میں گورکھپور کے بچے بھی شامل ہوں گے۔ جب کہ یہاں بابا گمبھیر ناتھ پیٹھ قائم کیا جا رہا ہے، مہیوگی گورکھ ناتھ یونیورسٹی اور اس کے ذریعہ پہلے سے شروع کی گئی دو یونیورسٹیاں اسپیشل ایجوکیشن زون میں شامل ہوں گی اور اس روحانی شہر میں اپنی شراکت یقینی بنائیں گی۔