خواتین انڈر 19 ورلڈ کپ : ٹیم انڈیا کے نام نیا ریکارڈ، پہاڑ جیسا ہدف دینے والی پہلی ٹیم بن گئی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 16th Jan.

کیپ ٹاؤن ؍نئی دہلی ، 16جنوری :خواتین کے انڈر 19 T20 ورلڈ کپ ان دنوں کھیلے جا رہے ہیں، ہندوستانی ٹیم شاندار لے میں نظر آ رہی ہے۔ ٹیم نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کیخلاف کھیلے گئے دوسرے میچ میں 122 رنز سے بڑی اور شاندار فتح درج کی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر صرف 97 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ٹیم انڈیا نے اس میچ میں 219 رنز بنائے۔ ہندوستانی ٹیم خواتین کی انڈر 19 T20 ورلڈ کی تاریخ میں 200 رنز کا ہندسہ عبور کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ اس ورلڈ کپ میں پہلی بار کسی بھی ٹیم نے اتنا بڑا پہاڑجیسا اسکور کھڑا کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ہندوستانی ٹیم کو ان رنز تک پہنچانے میں شویتا سہراوت، کپتان شفالی ورما اور ریچا گھوش کا ا ہم کردار ہے۔ اس میچ میں شفالی ورما نے 229.41 کے اسٹرائیک ریٹ سے 34 گیندوں میں 78 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔ ان کی اننگ میں کل 12 چوکے اور 4 فلک بوس چھکے شامل تھے۔ اس اننگز کے لیے انہیں پلیئر آف دی میچ کے خطاب سے نوازا گیا۔اس کے علاوہ اوپنر شویتا سہراوت نے 49 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 151.02 رہا۔ وہیں وکٹ کیپر ریچا گھوش نے بھی 29 گیندوں میں 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس اننگز میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 168.97 رہا۔اہم بات یہ ہے کہ خواتین کی ہندوستانی ٹیم اس انڈر 19 ورلڈ کپ میں اب تک کل 2 میچ کھیل چکی ہے۔ ٹیم انڈیا نے دونوں میچ جیت لیے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم نے اپنا پہلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلاتھا۔ اس میچ میں ٹیم انڈیا نے 7 وکٹوں سے جیت حاصل کی تھی۔نیز یو اے ای کے خلاف ٹیم انڈیا نے 122 رنز سے شاندارتاریخی فتح درج کی ہے۔