ڈاکٹر غلام سرور (سرور کریم) صدر ، شعبۂ اردو ایل این متھلا یونیورسٹی ،دربھنگہ نامزد

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Jan.

دربھنگہ (فضا امام ) ۲؍جنوری : معتبر ادیب و ناقد ڈاکٹر سرور کریم نے ۲؍جنوری ۲۰۲۳ء کو یونیورسٹی شعبۂ اردو ، ایل این متھلا یونیورسٹی ،دربھنگہ کے صدر کا عہدہ سنبھالا۔ ڈاکٹر سرور کریم کا تعلق علمی خانوادے سے ہے۔ شہرہ آفاق عالم دین فقیہ العصر قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ کے نواسے اور ڈاکٹر شعیب رحمانی مرحوم (سابق پروفیسر ، رانچی یونیورسٹی ) کے بھانجہ ہیں۔ ڈاکٹر موصوف ذی علم ،خلیق ،منکسر المزاج اور ادب دوست واقع ہوئے ہیں۔انہوںنے اردوزبان وادب میں کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں۔ ان کی نصف درجن سے زائد علمی وادبی تصانیف و نگارشات منظر عام پر آچکی ہیں۔جن میں ’’تفہیم وتعبیر‘‘ ،’’وہاب اشرفی کا ادبی سفر‘‘ (کلاسک کی تفہیم سے عالمی ادبیات کی تاریخ تک)،’’وشوساہتیہ کا اتیہاس‘‘ ، ’’عہد اسلامیہ میں دربھنگہ تحلیل وتجزیہ‘‘اور ’’دربھنگہ کا ادبی منظرنامہ: ڈاکٹر امام اعظم کی ادبی و ثقافتی خدمات کے حوالے سے‘‘ وغیرہ قابل ذکر ہیں۔اس کے علاوہ درجن بھر سے زائد مقالات ومضامین بھی مختلف جرائد ورسائل کی زینت مسلسل بنتے رہے ہیں۔موصوف ۱۹۹۶ ء سے درس وتدریس سے منسلک ہیں ۔ ان کی پہلی ملازمت بحیثیت لیکچرار ، شعبۂ اردو ، آ ر۔این ۔اے۔ آر۔کالج سمستی پور میں ہوئی ،جہاں انہوں نے طویل مدت تک درس وتدریس کی خدمات انجام دیں ۔ اسی دوران وہ کئی انتظامی ذمہ داریاں بھی سنبھالتے رہے۔ سابق صدر شعبۂ اردو اور ڈائریکٹر ، مولانا ابولکلام آزاد پروفیسر محمد آفتاب اشرف نے اپنی متعینہ تین سالہ میعاد میں شعبہ کو علمی،تحقیقی اور تدریسی ہر لحاظ سے عروج بخشا اور شعبۂ ہذا کو ایک نئی پہچان دلائی ۔وہ شعبہ کے صدر کی ذمہ داری ڈاکٹرسرور کریم کو سونپتے ہوئے مبارکباد دینے والوں میںپیش پیش رہے۔ اس موقع پر انہوں نے موصوف کے تجربات ومشاہدات اور علمی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کی دعائیں دیں اور یہ کہا کہ شعبۂ اردو کو ایک بہترین، فعال اور باصلاحیت استاد بطور صدر ملا ہے ،جن سے ہمیں اچھی امیدیں وابستہ ہیں۔لہٰذا میں انہیں صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔وہیں اس موقع پر سابق صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر ایس ایم رضوان اللہ نے بھی انہیں پرخلوص مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعاؤں سے نوزا ۔ صدر، شعبۂ سماجیات ، پروفیسر شاہد حسن، ملت کالج ،دربھنگہ کے پرنسپل پروفیسر محمد افتخار احمد اور پروفیسر سیّد احتشام الدین نے بھی انہیں مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ مبارکباد دینے والوں میں شعبے کے اساتذہ ڈاکٹر محمد مطیع الرحمن،محترمہ ناصرین ثریا،ڈاکٹر وصی احمد شمشاد،حسان جاذب،ملت کالج کے صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر عبد الرافع،کے ایس کالج کے شعبۂ اردو کے استاد ڈاکٹر ارشد حسین،شعبے کے عملے منی کانت جھا،بھردواج منڈل،راہل راج،محمد سہیل عالم ،موجود طلبا وطالبات اور ملک بھر سے دیگر اساتذہ اور محبان اردو بشمول ڈاکٹر امام اعظم (ریجنل ڈائریکٹر ، مانو ، کولکاتا ) شامل ہیں۔