ڈربی شائر نے پاکستانی بلے باز حیدر علی کے ساتھ معاہدہ کیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 28th Jan.

ڈربی، 28 جنوری : ڈربی شائر نے 2023 کے سیزن کے لیے پاکستان کے بین الاقوامی بلے باز حیدر علی سے معاہدہ کیا ہے۔ 22 سالہ علی نے اپنے ملک کے لیے دو ون ڈے اور 35 ٹی۔20 میچ کھیلے ہیں۔انہوں نے 33 ٹی ۔20 انٹرنیشنل میچوں میں 499 رن بنائے ہیں، جن میں تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں، جن میں سے ایک 2020 میں امارات اولڈ ٹریفورڈ میں انگلینڈ کے خلاف آئی تھی۔ انہوں نے 2 ون ڈے میچوں میں 42 رن بنائے ہیں جن میں 29 ان کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔
علی 2023 کے سیزن تک تمام فارمیٹس میں ڈربی شائر کے لیے دستیاب ہوں گے۔
ہیڈ آف کرکٹ مکی آرتھر نے کہا’’حیدر ایک بہت ہی باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ہے جس کے پاس پہلے سے ہی بین الاقوامی تجربہ کا خزانہ ہے، جو ہمارے لیے تمام فارمیٹس میں اہم ہوگا۔میں نے اس کے ساتھ ٹی۔20ورلڈ کپ میں بات کی تھی اور پھر لنکا پریمیئر لیگ کے دوران بھی ۔ وہ انگلینڈ آنے اور خود کو تمام فارمیٹس میں ثابت کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ بالکل یہی رویہ ہے ہم اپنے ڈریسنگ روم میں چاہتے ہیں۔ یقیناً اسے ابھی بہت کچھ کرنا ہے، لیکن مجھے امید ہے کہ حیدر کاونٹی کرکٹ میں کامیاب ہوگا‘‘۔
دریں اثنا، حیدر نے کاونٹی کرکٹ کھیلنے کے فوائد کا تذکرہ کیا، جس سے انہیں اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
حیدر نے کہا، ’’میں نے گذشتہ کئی سالوں میںدیکھا ہے کہ پاکستان کے بہت سے کھلاڑیوں کو کاؤنٹی کرکٹ میں اعلیٰ سطح پر کھیل کر اپنے کھیل کو بہتر کیاہے، اور مجھے لگتا ہے کہ اس سے میری ترقی میں مدد مل سکتی ہے۔ مکی آرتھر عالمی کرکٹ میں ایک قابل احترام شخصیت ہیں اور میں ان سے سیکھنے کا موقع ملنے پر بہت پرجوش ہوں‘‘۔
انھوں نے کہا کہ ‘میں ڈربی شائر کو تمام فارمیٹس میں گیمز جیتنے میں مدد کرنا چاہتا ہوں، یہاں بہت سارے اچھے کھلاڑی ہیں اور مکی اس کلب کے ساتھ کچھ بڑا حاصل کرنا چاہتے ہیں، امید ہے کہ میں 2023 میں کلب کے لیے بہت سے رن بناؤں گا اور شائقین کو محظوظ کروںگا‘‘۔