ہماچل کابینہ میں سات نئے وزراء کی شمولیت

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8th Jan.

شملہ، 08 جنوری :سابق وزیراعلی ویربھدر سنگھ کے بیٹے وکرما دتیہ سنگھ اور کانگریس کے سب سے سینئر رہنما دھنی رام سنڈیل کے علاوہ پانچ ممبران کو ہماچل پردیش کی کابینہ کے وزراء کے طور پر حلف دلایا گیا۔ حلف برداری کی تقریب راج بھون میں الیکشن نتائج کے ایک مہینے کے بعد عمل میں لائی گئی۔ اس تقریب میں وزیراعلی سکھویندر سنگھ کے علاوہ نائب وزیراعلی بھی شامل رہے۔ آنجہانی ویر بھدرسنگھ کے اہل کنبہ یہ مطالبہ کررہے تھے کہ ان کے خاندان سے ہی کسی کو وزیراعلی مقرر کیا جائے لیکن اعلیٰ کمان نے اُن کے مطالبے کو مسترد کردیا۔ اس کے علاوہ چھ اراکین اسمبلی کو پارلیمانی سکریٹریز کا سربراہ بنایا گیا ہے۔ جن اراکین اسمبلی نے کابینہ وزراء کے طور پر حلف لیا ہے ،ان میں کرنل (ریٹائرڈ) دھنی رام شیندل (سولن)، چندر کمار (کانگڑہ)، ہرش وردھن چوہان(شیلئی)، جگت سنگھ نیگی (کنور)، روہت ٹھاکر(جبل۔کوٹھائی)، انیرودھ سنگھ (کسومپتی) اور وکرم دتیہ سنگھ (شملہ۔دیہات)شامل ہیں۔ گورنر راجیندر وشواناتھ اریلکر نے راج بھون میں ایک تقریب کے دوران وزراء کے طو پر حلف دلایا۔وزراء کی حلف برداری کی تقریب سے قبل وزیراعلی نے چھ اراکین اسمبلی پارلیمانی کا چیف سکریٹریز بنایا ہے ۔ سی پی ایس کی تقرری کا یہ قدم کسی بھی اختلاف رائے سے بچنے کی ایک کوشش ہے کیونکہ کابینہ میں علاقائی اور ذات کے توازن میں کمی ہے۔ سی پی ایسز کے طورپر جن اراکین اسمبلی کو حلف دلایا گیا ہے وہ سندر سنگھ ٹھاکر(کلو)، موہن لال ، رام کمار چودھری، اشیش بٹیل، کشوری لال اور سنجے اوستھی ہیں۔ سی پی ایسز کی حلف برداری تقریب ریاستی سکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔