ترکیہ میں زلزلے میں تباہی کے بعد ملک میں سات روزہ سوگ کا اعلان

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 7th Feb

انقرہ،7فروری:ترک صدر رجب طیب ایردوان نے ملک میں قیامت خیز زلزلے کے بعد سات روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ملک میں آنے والے ہولناک زلزلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ترک قوم اس وقت مشکل لمحے سے گذر رہی ہے۔ اب تک ترکیہ میں 28,00 اور شام میں 1,420 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ترک حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق 12 فروری بہ روز اتوار شام تک ترکیہ میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔پیر کی صبح جنوبی ترکی میں تباہ کن زلزلہ آیا جس کی شدت 7.7 تھی۔ترک حکام نے پیر کی صبح کو بتایا تھا کہ زلزلے کے نتیجے میں ہزاروں عمارتوں کی تباہی کے علاوہ 1,762 سے زیادہ افراد جاں بحق اور 11,000 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔بڑی تعداد میں ممالک نے انقرہ کو زلزلے کے بعد ہونے والے نقصانات کو دور کرنے میں مدد کی پیشکش کی۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے پیر کو خبردار کیا کہ جنوب مشرقی ترکیہ اور ہمسایہ ملک شام میں آنے والے خوفناک زلزلے سے متاثرین کی تعداد کم از کم آٹھ گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے یورپی دفتر میں ایمرجنسیز کی ڈائریکٹر کیتھرین سمال ووڈ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ابھی بھی آفٹرشاکس کا خطرہ موجود ہے۔ ہم اکثر ابتدائی اعداد و شمار سے آٹھ گنا زیادہ تعداد میں جانی نقصان دیکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ “بدقسمتی سے ہم ہمیشہ زلزلوں کے ساتھ ایک ہی نمونہ دیکھتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ زلزلے کے بعد آنے والے ہفتے میں مرنے والوں یا زخمیوں کی ابتدائی تعداد میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوگا۔