طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے فنکارانہ صلاحیتوں کو ابھارا جائے: پروفیسر عین الحسن

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Feb

انٹر یونیورسٹی یوتھ فیسٹول میں مانو ٹیم کی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں تہنیتی تقریب

حیدرآباد 3 ؍فروری (پریس نوٹ) ’’ہمارے خواب شرمندہ تعبیر ہو رہے ہیں۔ ہمارے طلباء و طالبات میں صلاحیت کی کمی نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کے اس ٹیلنٹ کو ابھرنے کا موقع فراہم کیا جائے اور ایسے پروگرام منعقد کیے جائیں جن کے ذریعے ان کی فنکارانہ صلاحیتیں باہر آسکیں۔ جس طالب علم میں جو صلاحیت ہے اس کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا تاکہ تمام طلبہ کی ہمہ جہت ترقی ممکن ہو سکے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن نے ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز کی جانب سے گلبرگہ یونیورسٹی، کرناٹک میں 27 تا 31 جنوری منعقدہ ساؤتھ ایسٹ زون یوتھ فیسٹول میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں کل شام منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیسٹول میں مانو کی کوئز ٹیم کو دوسرا انعام جب کہ مائم اور فوٹو گرافی میں پانچواں انعام حاصل ہوا ہے۔
پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے اس موقع پر کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے اس سلسلے کو جاری رکھا جائے۔
خیر مقدمی تقریر کرتے ہوئے ڈین بہبودیِ طلبہ پروفیسر سید علیم اشرف نے کہا کہ پروفیسر سید عین الحسن کی قیادت میں اردو یونیورسٹی میں سنہرا دور جاری ہے۔موصوف طلبہ کی ترقی اورحوصلہ افزائی کے لیے ہمہ و قت تیار رہتے ہیں۔ انہی کی مساعی کا نتیجہ یہ ہے کہ ہمارے طلبہ کو اس اہم ایونٹ میں شرکت اور مانو کا پرچم بلند کرنے کا موقع ملا۔ کوئز ٹیم عالیہ ندا (بی ٹیک، کمپیوٹر سائنس) محمد نسیم انصاری ( ایم ایڈ ) اور گلناز پروین (ایم ایڈ) پر مشتمل تھی۔ فوٹو گرافی میں دانش رضا اور مائم میں محمد فہیم، محمد نفیس عالم، محمد شہزان، حسنیٰ پروین، عالم خان اور ابرار احمد کو انعام حاصل ہوا۔ ٹیم انچارج ڈاکٹر عدنان بسم اللہ اور محترمہ نسرین احمد تھے۔
جناب معراج احمد، کلچرل کوآرڈنیٹر نے بتایا کہ مانو نے پہلی مرتبہ کسی زونل پروگرام میں حصہ لیا اور مختلف سرگرمیوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اردو یونیورسٹی پہلی مرتبہ کسی زونل پروگرام میں حصہ لے کر اور بڑی کامیابی حاصل کرنے کے بعد اب جین یونیورسٹی، بنگلور میں 24 تا 28 فروری قومی سطح پر منعقد ہونے والے قومی بین جامعاتی مقابلے میں شرکت کرے گی۔
واضح رہے کہ اس فیسٹول میں مختلف ریاستوں مثلاً کرناٹک، تلنگانہ، آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ وغیرہ کی 38 یونیورسٹیوں کے طلبہ نے حصہ لیا۔ اس میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی واحد یونیورسٹی تھی جس نے ریاست تلنگانہ کی نمائندگی کی۔ یوتھ فیسٹیول میں مختلف ثقافیت سرگرمیاں منعقد کی گئیں جس میں کوئز ، مباحثہ، تقریری، موسیقی ، تھیئٹر و ڈراما ، رنگولی، پوسٹر میکنگ، مہندی ڈیزائن، اسپاٹ فوٹو گرافی وغیرہ مقابلے شامل تھے۔