ہندوستانی عازمین حج کو 25ہوائی اڈوں سے روانہ کیا جائے گا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 7th Feb

ممبئی،7فروری:ہندوستان کے ایک لاکھ 75ہزار کے زائد عازمین حج کے لئے 25ہوائی اڈوں سے روانگی کیلئے انتظامات کو آخری شکل دی جارہی ہے اور آنے والے حج کیلئے فارم تین دنوں کے بعد مہیا کرائے جائیںگے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے کہا کہ اسپیشل حج کوٹہ ختم کیاگیا اور حج فارم کیلئے کوئی فیس نہیں دی جائے گی۔ اقلیتی امور کے وزیر ایرانی نے بھی کل اردو اخباروں کے مدیروں کے ساتھ حج انتظامات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ حج کمیٹی کے چیف ایگزیٹکیو آفیسر اعجاز حسن نے کہا کہ سعودی حکومت نے اس سال ہندوستان کے لئے پورا کوٹہ فراہم کیا ہے اور حاجیوں کو مکہ اور مدینہ روانہ کرنے کے لئے بہترین سہولیات فراہم کی جائیںگی۔ پچھلے دو سالوں کے مقابلے میں اس سال حج سستا ہوگا۔ ماہ رمضا ن کے فوراً بعد حج کی پروازیں شروع کی جائیںگی۔ اسمرتی ایرانی نے کہا کہ عام آدمی کے مفاد کو مد نظر رکھ کر حج کی مجموعی خرچے کو کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اور ہر حاجی کو سعودی عرب میں قیام کے دوران اپنے اخراجات کے لئے زر مبادلہ بھی دیا جائے گا۔ پہلی بار 45سال کی عمر سے زیادہ خواتین کو محرم کے بغیر حج کرنے کی اجاز ت دی جائے گی اور اس کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ و ہ ان کے لئے خصوصی انتظامات کرے گی۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ عازمین حج کے رہائشی انتظامات کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے اسکے علاوہ ان کے طبی ضروریات کو بھی دھیان میں رکھا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ہر سال حکومت ہند ڈاکٹرس اور نرسوں کا ایک بڑا عملاء ان کی دیکھ بھال کے لئے مکہ مکرمہ میں بھیجتے ہیں تاکہ عازمین حج کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔