وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جنتا درشن میں 300 لوگوں کے مسائل سنے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 30th March

گورکھپور، 30 مارچ :اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ حکومت عام لوگوں کو سڑک، مکان، بجلی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ اگر کسی کو ان سہولیات کے حوالے سے کوئی مسئلہ ہے تو اسے جلد حل کیا جائے گا۔ جن لوگوں کو رہائش کا مسئلہ درپیش ہے، انہیں رہائش فراہم کی جائے گی۔ اگر کسی گاؤں یا محلے میں سڑک کا مسئلہ ہے تو وہاں سڑک کی مرمت یا تعمیر ہوگی۔ بجلی کے بقایا بل بھی بوجھ نہیں رہیں گے۔ قسطوں میں ادائیگی کی سہولت نظر ثانی کے بعد دی جائے گی۔
جمعرات کو کنیا پوجن سے پہلے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گورکھ ناتھ مندر میں مہنت دگ وجے ناتھ اسمرتی آڈیٹوریم کے سامنے منعقدہ جنتا درشن میں تقریباً 300 لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ جنتا درشن میں ایک خاتون نے سی ایم یوگی سے رہائش کی التجا کی۔ اس پر انہوں نے کہا کہ مایوس یا پریشان نہ ہوں، حکومت جلد ان کے لیے رہائش کا انتظام کرے گی۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کوئی غریب کسی بھی حالت میں بے گھر نہ رہے۔ اگر کسی کے پاس زمین نہ ہونے کی وجہ سے مکان نہیں ہے تو اس کے لیے زمین کا بندوبست کرکے سرکاری اسکیم کے تحت مکان بنایا جائے۔ ایک اور خاتون نے اپنے علاقے میں سڑک کے مسئلے کے بارے میں بتایا۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے حکام کو سڑک کی تعمیر کی ہدایت دی۔
ایک خاتون اپنے بقایا بجلی بل کی پریشانی کو لے کر سیدھے وزیر اعلی کے پاس پہنچی۔ وہ بجلی بل کی ادائیگی کے لئے قسط بندھوانا چاہ رہی تھی۔ وزیراعلی نے کہا کہ پریشان نہ ہوں، بقایا بل جمع کرنے کے لئے قسط تو بندھوائیں گے ہی، ممکنہ حد تک بقایا بل کم کرانے کے لئے اس کے بل کا جائزہ بھی کروائیں گے۔ وزیراعلی کی اس نرم دلی پر خاتون نے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلی نے اس کے علاوہ جنتا درشن میں ا?ئے پولیس اور ریونیو سے متعلق معاملوں پر فوری، میعاری اور اطمینان بخش کاروائی کی ہدایت دی۔ علاج کے لئے مالی مدد کی فریاد لے کر پہنچے لوگوں کو بھی علاج کی یقین دہانی کرائی۔