ویلنگٹن ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو ایک اننگ اور 58 رنوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th March

ویلنگٹن، 20 مارچ: نیوزی لینڈ نے یہاں کے بیسن ریزرو میں دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن سری لنکا کو اننگ اور 58 رنوں سے شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 2-0 سے جیت لی۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگ 4 وکٹوں پر 580 رن بنا کر ڈیکلیئر کی تھی۔اس کے جواب میں سری لنکا نے اپنی پہلی اننگ میں محض164 اور دوسری اننگ میں فالو آن میں 358 رن بنائے۔
نیوزی لینڈ نے پہلی اننگ میں 580رن بنائے،ولیمسن اور نکولس کی ڈبل سنچریاں
اس میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کین ولیمسن (215) اور ہنری نکولس (215 ناٹ آؤٹ) کے رنوں کی بدولت 4 وکٹوں پر 580 رن بنا کر اپنی پہلی اننگ ڈکلیئر کر دی۔
اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔ ٹام لیتھم اور ڈیون کونوے نے نیوزی لینڈ کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 87 رن جوڑے۔ 87 کے مجموعی اسکور پر کاسون راجیتھا نے لیتھم کو پربھات جے سوریا کے ہاتھوں کیچ کروا کر نیوزی لینڈ کو پہلا جھٹکا دیا۔ لیتھم نے 21 رن بنائے۔
اس کے بعد ولیمسن اور کونوے نے ٹیم کا اسکور 100 سے آگے بڑھایا۔ 118 کے مجموعی اسکور پر دھننجے ڈی سلوا نے کونوے کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو دوسرا جھٹکا دیا۔اس کے بعد ولیمسن اور نکولس نے تیسری وکٹ کے لیے 363 رنوں کی شراکت داری قائم کی۔ اس دوران ولیمسن نے اپنی ڈبل سنچری بھی مکمل کی۔ تاہم ولیمسن کو 481 کے مجموعی اسکور پر پربھات جے سوریا نے آوٹ کر کے سری لنکا کو تیسری کامیابی دلائی۔ ولیمسن نے 296 گیندوں کا سامنا کیا اور 23 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 215 رنوں کی شاندار ڈبل سنچری اسکور کی۔ 530 کے مجموعی اسکور پر راتیتھا نے ڈیرل مچل (17) کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو چوتھا جھٹکا دیا۔ تاہم اس کے بعد نکولس اور ٹام بلنڈل نے مزید نقصان نہیں ہونے دیا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساوتھی نے نکولس کی ڈبل سنچری مکمل کرتے ہی اننگ ڈیکلیئر کر دی۔ نکولس 200 اور بلنڈل 17 رن بنانے کے بعد ناٹ آوٹ واپس آئے ۔
سری لنکا کی جانب سے کاسون راجیتھا نے 2، دھننجے ڈی سلوا اور پربھات جے سوریا نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی پہلی اننگز 164 رنز پر سمٹ گئی
اس کے جواب میں سری لنکا کی پہلی اننگ کا آغاز خراب رہا اور محض 34رنوں کے مجموعی اسکور پر اوشادا فرنینڈو (06)، کشل مینڈس (00)، پربھات جے سوریا (04) اور اینجلو میتھیوز (1)پویلین واپس چل گئے۔ فرنینڈو اور میتھیوز کو میٹ ہنری اور مینڈس کو ڈگ بریسویل نے آؤٹ کیا جب کہ جے سوریا کو ٹم ساوتھی نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کپتان دیموتھ کرونارتنے (89) اور دنیش چاندیمل (37) نے پانچویں وکٹ کے لیے 80 رنوں کی شراکت داری کی۔ 114 کے مجموعی اسکور پر چاندیمل کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی اننگ تاش کے پتوں کی طرح سمٹ گئی اور پوری ٹیم 164 رن پر ڈھیر ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگ میں مائیکل بریسویل اور میٹ ہنری نے 3-3 اور ٹم ساؤتھی، ڈگ بریسویل اور بلیئر ٹکنر نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
فالو آن کھیلنے کے لئے میدان میں اتری سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگ میں 358 رن بنائے، دھننجے ڈی سلوا سنچری سے محروم رہے
اس کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساوتھی نے سری لنکا کو فالو آن دیا۔ سری لنکا کے بلے بازوں نے پہلی اننگ کے مقابلے دوسری اننگ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کپتان دیموتھ کرونارتنے (51)، کوسل مینڈس (50)، دنیش چاندیمل (62) اور دھننجے ڈی سلوا (98) نے نصف سنچریاں اسکور کیں، تاہم ٹیم کو اننگز کی شکست نہیں بچا سکے۔ سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگ میں 358 رن پر ڈھیر ہوگئی اور اسے اننگز اور 58 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگ میں کپتان ٹم ساؤتھی اور بلیئر ٹکنر نے 3-3، مائیکل بریسویل نے 2 اور ڈگ بریسویل اور میٹ ہنری نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
ہینری نکولس کو میچ کا بہترین کھلاڑی اور کین ولیمسن کو ناٹ آوٹ ڈبل سنچری پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا
بتادیں کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2-0 سے کلین سویپ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ جیت کے ہیرو ولیمسن تھے جنہوں نے سنچری اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔