اتراکھنڈ میں گردابی طوفان کا الرٹ، افسران کی تعطیلات منسوخ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –21  MAY

دہرادون،21مئی: اتراکھنڈ میں محکمہ موسمیات نے 22 سے 27 مئی تک گردابی طوفان کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے اس انتباہ کے بعد اترانچل پاور کارپوریشن کی انتظامیہ نے تمام عہدیداران کی تعطیلات منسوخ کر دیں۔ رپورٹ کے مطابق 27 مئی تک تمام افسران کو اپنے دفاتر میں تعینات رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ اتراکھنڈ میں 18 مئی کو بارش کے ساتھ آنے والے طوفان کے سبب متعدد درخت گر جانے سے کئی مقامات پر بجلی کی لائنیں ٹوٹ گئی تھیں اور کئی مقامات پر ٹرانسفارمروں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ آندھی سے ہوئے نقصانات کے بعد جمعہ تک یو پی سی ایل نے بیشتر مقامات پر بجلی کی سپلائی بحال کر دی۔ اب محکمہ موسمیات نے 27 مئی تک گردابی طوفان کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے الرٹ کے بعد چاردھام یاترا پر آ رہے عقیدت مندوں سے بھی احتیاط برتنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو رودرپریاگ، چمولی، باگیشور، پتھوراگڑھ اور الموڑا ضلع میں کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے اور ڑالہ باری کا امکان ہے۔اترکاشی، رودرپریاگ، چمولی اضلاع اور کماؤن ڈویڑن کے پہاڑی علاقوں میں 22 مئی کو کچھ مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ ریاست کے دیگر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیش گوئی کے مطابق 24 مئی کو ریاست کے تمام اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔