بولڈ سین کے تعلق سے اداکارہ سونم باجوہ کا بڑا انکشاف

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –31  MAY    

اداکارہ سونم باجوہ نے 2013 میں پنجابی فلم ‘بیسٹ آف لک’ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیاتھا۔ اس کے بعد فلم انڈسٹری میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے فلم انڈسٹری میں 10 سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس موقع پر ایک میڈیا پورٹل کو دیئے گئے انٹرویو میں سونم نے فلم انڈسٹری میں اپنے تجربات کے بارے میں کھل کر بات کی۔ انہوں نے اب تک اپنے کرداروں پر بھی تبصرہ کیا اور بتایا کہ وہ فلم میں کسنگ سین دینے سے کیوں ڈرتی ہیں۔
اس انٹرویو میں انکشاف ہوا کہ سونم کو فرح خان کی فلم ہیپی نیو ایئر میں دیپیکا پدوکون کے کردار کے لیے رابطہ کیا گیا تھا۔ بعد میں کسی وجہ سے ان کی جگہ دیپیکا پدوکون کو یہ کردار ملا۔ اس کے علاوہ سونم نے 2019 میں آیوشمان کھرانہ کی ‘بالا’ اور 2020 میں ’اسٹریٹ ڈانسر 3 ڈی‘ میں بھی ایک چھوٹا سا کردار ادا کیا۔
تاہم، بعد میں سونم نے پنجابی سنیما کی طرف توجہ دی۔ساتھ ہی فلموں میں کسنگ سین کے بارے میں میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سونم نے کہا ’’ میں نے بالی ووڈ فلموں میں کچھ چیزیں کرنے سے منع کر دیا ہے کیونکہ پنجاب میں میرے مداحوں کو برا لگ سکتا ہے۔ اسی لیے میں فلموں میں کسنگ سین دینے سے ڈرتی ہوں کیونکہ اس بات کی فکر رہتی ہے کہ میرے مداح اور اہل خانہ اسے کس طرح دیکھیں گے۔ شاید وہ جلد سمجھ نہ پائیں کہ یہ سین کہانی کے لییضروری ہے، اس لیے میں اس قسم کے سین نہیں دیتی ہوں‘‘۔
سونم باجوہ اب پنجابی فلم’کیری آن جٹا 3‘ میں اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ اس فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں مکمل ہو چکی ہے۔ اس فلم میں گپی گریوال، گرپریت گھْگی، بنو ڈھلو، ناصر چنیوتی بھی نظر آئیں گے۔ فلم کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز ہوا ہے۔ بالی ووڈ اداکار عامر خان نے اس کے ٹریلر لانچ ایونٹ میں خصوصی شرکت کی۔