سورت کے راندیر میں مذہب کی بنیاد پر شیلٹر ہوم میں تفریق کر نےپر ہنگامہ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –9  MAY

سورت/ احمد آباد، 9 مئی: سورت کے راندیر علاقے میں مذہب کی بنیاد پر ایک پرائیویٹ تنظیم کے ذریعہ چلائے جانے والے شیلٹر ہوم میں رہنے والے غریب اور بے سہارا لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی شکایت کے بعد ہنگامہ ہو گیا۔ شیلٹر ہوم میں امتیازی سلوک کے بارے میں ایک مقامی کونسلر کی شکایت کے بعد میئر ہیمالی بوگھاوالا میونسپل کارپوریشن کے افسران کے ساتھ موقع پر پہنچ گئیں۔
سورت میونسپل کارپوریشن کی طرف سے شہر کے تمام علاقوں میں غریب اور بے سہارا لوگوں کے لیے شیلٹر ہوم تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس کا آپریشن مختلف اداروں اور ٹرسٹوں کو سونپا گیا ہے۔ راندیر زون میں اڈاجن ۔گوراٹ روڈ پر قائم شیلٹر ہوم کو میونسپل کارپوریشن نے ایک تنظیم کے حوالے کیا ہے۔ الزام کے مطابق یہاں رہنے والے غریب اور لاچار لوگوں کے ساتھ مذہب کی بنیاد پرتفریق کی گئی ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی کارپوریٹر کیور چپٹ والا نے میئر ہیمالی بوگھاوالا سے اس کی شکایت کی۔
منگل کو میئر بوگھاوالا میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کے ساتھ شیلٹر ہوم پہنچیں اور معاملے کے بارے میں دریافت کیا۔ میئر نے شیلٹر ہوم چلانے والی تنظیم کے نمائندوں سے بات کی اور انہیں تجاویز سے آگاہ کیا۔
مقامی کونسلر کیور چپٹ والا نے کہا کہ طویل عرصے سے شیلٹر ہوم چلانے والے ٹرسٹ کے ارکان مذہب کی بنیاد پر یہاں رہنے والوں کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر انہوں نے میونسپل انتظامیہ سے شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ادارے کی تحقیقات کر کے اسے بلیک لسٹ میں ڈالے، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔