سی ایس کے کے ساتھہمیشہ وابستہ رہوں گا: ایم ایس دھونی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –24  MAY

چنئی ، 24مئی:چنئی سپر کنگز (سی ایس کے ) کے کپتان ایم ایس دھونی نے چنئی میں دوبارہ آکر میچ کھیلنے کو لے کر بڑا ردعمل دیا ہے۔ ان سے ان کی ریٹائرمنٹ کے بارے میں بالواسطہ سوال پوچھا گیا اور دھونی نے کہا کہ ابھی کافی وقت باقی ہے اور اسی وجہ سے وہ خود پر کوئی لوڈ نہیں لے رہے ہیں۔ دھونی نے یہ بھی کہا کہ وہ ہمیشہ کسی نہ کسی طریقے سے سی ایس کے کے ساتھ جڑے رہیں گے۔
آئی پی ایل 2023 کا آغاز جب سے ہوا ہے ، تب سے ایک ہی بات موضوع بحث بنی ہوئی ہے کہ آیا ایم ایس دھونی اس سیزن کے بعد ریٹائر ہوں گے یا نہیں۔ حالانکہ دھونی نے ابھی تک اس بارے میں واضح طور پر کچھ نہیں کہا ہے۔ جب بھی ان سے یہ سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کوئی واضح جواب نہیں دیا۔
پہلے کوالیفائر میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف جیت کے بعد دھونی سے پوچھا گیا کہ کیا یہ چنئی میں ان کا آخری میچ تھا؟ اس کے جواب میں دھونی نے کہا کہ آپ مجھ سے میری ریٹائرمنٹ کے بارے میں پوچھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا’’مجھے نہیں معلوم کہ میں اگلے سال کھیلوں گا یا نہیں۔ ابھی اس پر فیصلہ کرنے میں 8-9 ماہ کا وقت ہے تو ابھی سے یہ سر درد کیوں لینا؟ میں ہمیشہ سی ایس کے کے لیے حاضر رہوں گا، چاہے وہ بطور کھلاڑی ہو یا کسی اور کردار میں‘‘۔
قابل ذکرہے کہ پہلے کوالیفائر میچ میں گجرات ٹائٹنز کو 15 رنو سے شکست دینے کے بعد چنئی سپر کنگز نے ریکارڈ 10ویں بار آئی پی ایل کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ چنئی سپر کنگز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 172 رن بنائے۔ جواب میں گجرات ٹائٹنز کی ٹیم صرف 157 رن بنا سکی اور سی ایس کے نے میچ 15 رنوں سے جیت لیا۔