مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے بج بج میں پٹاخے بنانے کے دھماکہ، تین افراد ہلاک

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –22  MAY

کولکاتا، 22 مئی: مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے بجبج علاقے میں اتوار کی دیر رات مبینہ طور پر پٹاخے بنانے کے دوران ایک گھر میں ہونے والے دھماکے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں ایک نابالغ بھی ہے۔ دو افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔ ان کے نام پمپا ہاٹی اور جے شری ہاٹی ہیں۔ دونوں اس گھر کی بہوئیں تھیں۔ واضح رہے کہ ابھی کچھ روز قبل ہی ریاست کے مشرقی مدنا پور ضلع کے ایگرا میں اسی طرح کے دھماکے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
دھماکہ بجپج علاقے کے نندرام پور داسپاڑا میں دو منزلہ مکان کی دوسری منزل پر ہوا۔ دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ اہل علاقہ نے پانی ڈال کر آگ بجھانے کی کوشش کی۔ یہاں تک پہنچنے کا راستہ تنگ ہے۔ اطلاع ملنے پر پہچنی فائر ڈیپارٹمنٹ کے دو گاڑیوں کو اس کی وجہ سے کافی مشقت کا سامنا کرنا پڑا۔
اس وقت (پیر کی صبح) پولیس کی بڑی تعداد موقع پر موجود ہے۔ مقامی لوگوں نے کیمروں کے سامنے دعویٰ کیا ہے کہ اس گھر میں توبڑی بم (پٹاخے) بنائے جاتے تھے۔ انہوں نے رات کو ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی جس کی وجہ سے ٹین کی چھت اڑ گئی ہے اور سیڑھی کا کچھ حصہ جل کر راکھ ہو گیا ہے۔
جنوبی 24 پرگنہ کے ڈی ایف او ٹی کے دت کا کہنا ہے کہ اب تک یہاں پٹاخے بنانے کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔ آگ لگی تھی۔ تین افراد آگ کی زد میں آگئے۔ وہ جل جانے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔فارنسک ٹیم آج دوپہر کے بعد تحقیقات کرے گی۔ تب یہ واضح ہوگا کہ یہاں پٹاخے بنائے جارہے تھے یا نہیں۔ دوسری جانب مقامی تھانے کے ایک ذریعے نے بتایا کہ گھر کے اندر سے بارودی مواد جمع کرنے کے کچھ شواہد ملے ہیں۔ کئی قریبی گھروں میں پٹاخے بنائے جاتے ہیں۔