TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –30 MAY
نئی دہلی،30مئی: مہاراشٹر کے واحد کانگریس رکن پارلیمنٹ بالو دھانورکر کا دہلی میں انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 48 سال تھی۔ مہاراشٹر کانگریس کے ترجمان اتل لوندھے نے بتایا کہ وہ گزشتہ 3 دنوں سے دہلی کے میڈانتا اسپتال میں زیر علاج تھے۔ بالو عرف سریش دھانورکر چندر پور سے رکن پارلیمنٹ تھے۔ چند روز قبل ان کے گردے کی پتھری کا آپریشن ہوا تھا، اس کے بعد ان کی طبیعت خراب ہونے لگی۔رپورٹ کے مطابق جب ناگپور میں دھانورکر کی حالت سنگین ہو گئی تو انہیں اتوار کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے دہلی کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ دو دن تک ان کی حالت نازک رہی اور وہ وینٹی لیٹر سپورٹ پر رہے۔ ان کا انتقال منگل کو علی الصبح ہوا۔ رپورٹ کے مطابق چار دن پہلے ہی ان کے والد کا انتقال ہو گیا تھا۔ اسپتال میں داخل ہونے کی وجہ سے وہ اپنے والد کی آخری رسومات میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔ ان کی اہلیہ پرتیبھا دھانورکر ورورا سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔اطلاعات کے مطابق دھانورکر کا جسد خاکی دوپہر 1:30 بجے دہلی سے ناگپور ورورا لے جایا جائے گا۔ ان کے آخری دیدار 31 مئی کو دوپہر 2 بجے سے صبح 10 بجے تک ان کی رہائش گاہ پر کیے جا سکیں گے، اس کے بعد ان کی آخری رسومات وانی-ورورا بائی پاس روڈ پر واقع موکش دھام میں صبح 11 بجے ادا کی جائیں گی۔