TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –19 MAY
دربھنگہ، 19 مئی: وزیر اعلیٰ نتیش کمار جمعہ کے روز اپنے ایک روزہ دورے پر دربھنگہ پہنچے۔ اس دورے کے دوران انہوں نے کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کی سرزشن کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم 4 ڈگری سے 43 ڈگری تک کے درجہ حرارت میں گھوم سکتے ہیں تو آپ کیوں نہیں؟
وزیر اعلیٰ نتیش کمار دربھنگہ میں ایک افتتاحی اور سنگ بنیاد پروگرام میں شامل ہونے پہنچے تھے۔ اس دوران سست رفتاری سے کام ہوتے دیکھ کر وزیراعلیٰ ناراض ہوگئے اور موقع پر موجود افسران کو پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ جب میں 4 ڈگری سے 43 ڈگری کے درجہ حرارت میں کام کرسکتا ہوں تو پھر آپ کیوں کوتاہی کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی کا کوئی بہانہ نہیں سنوں گا، کام میں غفلت پسند نہیں۔ آپ تمام کام وقت پر مکمل کریں۔ سمجھ گئے نا؟ اس کے آگے نتیش کمار نے اشاروں میں بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ گڑبڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ لوگ نہیں چاہتے کہ معاشرے میں باہمی محبت اور بھائی چارہ ہو۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ کچھ کرواتے ہیں اور بولتے رہتے ہیں۔ ہم لوگ ہمیشہ چاہتے ہیں کہ معاشرے میں محبت اور بھائی چارہ رہے۔
کرناٹک میں کانگریس کی جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے، وہاں بی جے پی کو شکست ہوئی ہے۔ ہم لوگ کانگریس پارٹی کو مبارکباد دیتے ہیں۔ مجھے وہاں سے فون آیا ہے اور ہم کل وہاں جا رہے ہیں۔ حلف برداری تقریب میں شرکت کرنی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ نے کملا بالان مغربی پشتے کا معائنہ کیا۔ شیڈول کے مطابق وزیر اعلیٰ نے سب سے پہلے دربھنگہ ہوائی اڈے کے رنگ ڈیم کی بحالی، پی سی سی روڈ کی تعمیر کا افتتاح کیا۔ پورے پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ کے ساتھ محکمہ آبی وسائل کے وزیر سنجے جھا موجود تھے۔