TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –20 JUNE
پٹنہ،20 جون: بہار ریاستی حج کمیٹی کے عزت مآب چیئر مین الحاج عبد الحق نے اپنے خصوصی پریس اعلانیہ کے ذریعہ مطلع کیا ہے کہ حج ۲۰۲۳ء کے لئے گیا امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے بہار کے عازمین حج کا آخری قافلہ مورخہ ۲۰ جون کو حج بھون پٹنہ سے چار بسوں کے ذریعہ گیا ہوائی اڈہ کے لئے روانہ ہوا۔ مورخہ21جون کو فلائٹ نمبرSG5326کے ذریعہ جدہ کے لئے روانہ ہونے والے عازمین حج کی کل تعداد ۱۶۰ ہے جن میں عازمین کی تعداد ۹۳ اور عازمات کی تعداد ۶۷ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس فلائٹ میںبھاگلپور ضلع کے ۲۰ سالہ محمدحنظلہ ابن اشتیاق احمد سب سے کم عمر کے عازم حج ہیں۔ اس فلائٹ میں مغربی چمپارن، مدھوبنی اور بھاگلپور کے عازمین حج شامل ہیں۔فلائٹ صبح 05:20میں جدہ کے لئے روانہ ہوگی۔فلائٹ نمبرSG5329کے ذریعہ جدہ کے لئے روانہ ہونے والے عازم حج کی کل تعداد ۱۵۰ ہے، جن میں عازمین کی تعداد ۹۱ اور عازمات کی تعداد ۵۹ ہے اس فلائٹ میں مشرقی چمپارن ضلع کے ۲۱ سالہ جمیل احمد ابن ارشاد الحسن سب سے کم عمر کے عازم حج ہیں۔اس فلائٹ مین پٹنہ، دربھنگہ، مدھوبنی، بھاگلپور، سہرسہ، مشرقی چمپارن، سیتامڑھی ، سپول اور مظفرپور کے عازمین حج شامل ہیں۔ فلائٹ صبح 05:35میں جدہ کے لئے روانہ ہوگی۔عازمین حج کے آخری قافلہ کو رخصت کرنے کے لئے بہار ریاستی حج کمیٹی کے معزز چیئرمین الحاج عبدالحق اور چیف ایکزکیوٹیو آفیسر جناب محمد راشد حسین قافلہ کے ساتھ گیا ہوائی اڈہ پر موجود تھے۔موصوف نے بتایا کہ آخری قافلہ کے سُوئے حرم روانگی کے ساتھ ہی گیا امبارکیشن پوائنٹ سے بہار کے سبھی عازمین حج کی روانگی کا عمل مکمل ہو گیا۔ واضح ہو کہ گیا امبارکیشن پوائنٹ سے بہار کے کل 3294عازمین حج سفر حج پر روانہ ہوئے۔ اس سے قبل کولکاتا امبارکیشن سے بہار کے کل 1760عازمین حج سفر حج پر روانہ ہوئے۔ موصوف نے بتایا کہ حج آپریشن 2023 میں بہا ر کے عازمین حج کی سہولت کے لئے حج بھون پٹنہ ،گیا اور کولکاتہ میں بہار سرکار کے ذریعہ کئے گئے انتظامات سے عازمین حج کافی مطمئن نظر آئے۔ اس کیلئے موصوف نے عزت مآب وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار صاحب ،معزز وزیر محکمہ اقلیتی فلاح بہار جناب محمد زماں خان صاحب، چیف سکریٹری بہارجناب عامر سبحانی صاحب اور سکریٹری محکمہ اقلیتی فلاح جناب محمد سہیل صاحب کا شکریہ ادا کیاجن کی رہنمائی اور ہدایت پر بہار سرکار کے سبھی محکموں کے اعلیٰ افسران اور کارکنان نے عازمین حج کی سہولت کے لئے کئے گئے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے میں بہار ریاستی حج کمیٹی کا مکمل تعاون کیا۔