بی جے پی بنگال میں تین ماہ میں ایک ہزار جلسے کرے گی، مودی-شاہ-نڈا آئیں گے

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –1  JUNE

کولکاتا، یکم جون : مغربی بنگال میں آنے والے پنچایتی انتخابات اور اس کے بعد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کم از کم ایک ہزار عوامی جلسے کرنے جا رہی ہے۔ ریاستی بی جے پی کے ذرائع نے جمعرات کو اس کی اطلاع دی ہے۔
ریاستی بی جے پی کی ’’مہا جن سمپرک ابھیان‘‘ شروع ہو رہا ہے۔ پارٹی شمالی بنگال، وسطی بنگال، جنوبی بنگال میں تین عوامی جلسے کرے گی جس سے وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا خطاب کریں گے۔ آئندہ تین مہینوں تک منڈل سطح پر ایک ہزار جلسے منعقد کئے جائیں گے۔
حالانکہ ریاستی بی جے پی صدر سکانت مجومدار نے کہا کہ فی الحال جلسہ عام کی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔ بڑے جلسہ عام کے ساتھ ساتھ پارٹی کے کچھ اور پروگرام بھی ہوں گے۔ سکانت نے کہا کہ مرکزی قیادت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ’’مہا جن سمپرک ابھیان‘‘ یکم سے 30 جون تک چلے گا۔ اس کے متوازی 30-20 جون کو پارٹی کے اندرونی اجلاس ہوں گے۔ اس کے علاوہ بی جے پی جون، جولائی اور اگست میں ریاست کے ہزار منڈلوں میں میٹنگیں کرے گی۔ سکانت مجومدار نے کہا کہ جون میں 294 ریاستی اسمبلیوں کے 294 منڈلوں میں میٹنگیں ہوں گی۔