TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -02 SEPT
وارانسی، 02 ستمبر: آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) نے گیان واپی کمپلیکس کے سروے کی رپورٹ عدالت میں داخل کرنے کے لیے مزید آٹھ ہفتے کا وقت مانگا ہے۔ اے ایس آئی کی درخواست پر 8 ستمبر کو عدالت میں سماعت ہوگی۔
اس سے قبل عدالت نے اے ایس آئی کو سروے رپورٹ داخل کرنے کے لیے 2 ستمبر تک کا وقت دیا تھا۔ یہ مدت آج ختم ہونے کے بعد اے ایس آئی نے وارانسی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج (فرسٹ) سنجیو سنہا کی عدالت میں درخواست دے کر مزید وقت کا مطالبہ کیا۔ وکیل کی موت کی وجہ سے عدالت نے اس کی سماعت نہیں کی۔ اب اس معاملے کی سماعت 8 ستمبر کو ہوگی۔
اے ایس آئی کی جانب سے مرکزی حکومت کے اسٹینڈنگ کونسل امت سریواستو نے مدعی کے وکیل سبھاش نندن چترویدی اور ایڈوکیٹ سوہن لال آریہ کے ساتھ عدالت میں درخواست داخل کی۔ مدعی ہندو فریق کے سینئر وکیل وشنو جین کے مطابق عدالت میں اے ایس آئی کے سروے کا وقت بڑھانے پر غور ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع جج کی عدالت نے سیل شدہ مقام کو چھوڑ کر پورے گیانواپی کیمپس کا سروے کرنے اور 2 ستمبر تک اپنی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ اے ایس آئی کی ٹیم 4 اگست سے سروے کر رہی ہے۔ سروے میں جی پی آر ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ اے ایس آئی کی ٹیم نے ہفتہ کو کیمپس میں سروے بھی کیا۔

