سیہور سے بھوپال گھومنے آئے دو دوستوں کی کار الٹ گئی، موت

تاثیر،۱ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، یکم دسمبر: دارالحکومت کے شیواجی چوراہہ پر جمعرات-جمعہ کی درمیانی رات ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر الٹ گئی۔ اس دوران کار میں پانچ نوجوان دوست سفر کر رہے تھے جن میں سے دو کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور تین زخمی ہو گئے۔ ان میں سے ایک حالت سنگین ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے حمیدیہ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں وکرم گپتا اور ابھیراج سنگھ کی موت ہو گئی۔ یہ دونوں سیہور کے نصراللہ گنج کے رہنے والے تھے اور اپنے دوستوں کے ساتھ یہاں بھوپال گھومنے آئے تھے۔ کار میں وکرم گپتا اور ابھیراج سنگھ کے علاوہ تین دوست بھی سفر کر رہے تھے۔ یہ لوگ کار کے ذریعے لنک روڈ 1 سے نیو مارکیٹ کی طرف سے بورڈ آفس کی طرف جا رہے تھے۔ اسی دوران شیواجی نگر چوراہے پر ریڈ کراس اسپتال کے سامنے حادثہ پیش آیا۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ اسپیڈ بریکر آنے پر ڈرائیور نے گاڑی کو کم کرنے کی کوشش کی ہو گی لیکن کار کی رفتار اتنی زیادہ تھی کہ کار بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چڑھ گئی۔