تاثیر،۲۸ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 28 دسمبر: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس کا مقصد عوامی بہبود اور ہندوستان کے لوگوں کی ترقی ہے۔ ہم اس سمت میں مسلسل کام کر رہے ہیں۔
جمعرات کو کانگریس ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے 139 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پرچم کشائی کے بعد کھڑگے نے کہا کہ ہم پارلیمانی جمہوریت پر مبنی ایسے بھارت میں یقین رکھتے ہیں جس میں برابری، بغیر کسی امتیاز کے سب کے لیے مواقع اور آئین میں درج سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کی پاسداری ہو۔
کھڑگے نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ گزشتہ 138 سالوں سے ہم ایسے ہندوستان کی تعمیر کے لیے پوری ایمانداری کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر میر طرف سے ہر ہندوستانی کو دلی مبارکباد ۔
قابل ذکر ہے کہ آج کانگریس اپنا یوم تاسیس منا رہی ہے۔ اس موقع پر پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے ساتھ ایم پی راہل گاندھی، پارٹی لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا، ایم پی راجیو شکلا، پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور پارٹی کے دیگر لیڈر اور کارکن موجود تھے۔ آج کانگریس ناگپور میں بھی ایک بڑی ریلی منعقد کرنے جارہی ہے۔

