تاثیر،۳۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
دبئی، 30 جنوری :۔ ہندوستانی آل راونڈر دیپتی شرما منگل کو جاری کردہ تازہ ترین آئی سی سی خواتین کیٹی20 بولنگ رینکنگ میں مشترکہ دوسرے نمبر پر آگئی ہیں جبکہ دائیں ہاتھ کی تیز گیند باز رینوکا سنگھ ٹھاکر 10 ویں نمبر پر آگئی ہیں۔
دیپتی اب پاکستان کی بائیں ہاتھ کی آف اسپنر سعدیہ اقبال کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔ دیپتی کو جنوبی افریقہ کی اسپنر نونکولولیکو ملابا کی خراب فارم کا بھی فائدہ ہوا ہے، جو آسٹریلیا کے خلاف دو میچوں میں صرف ایک وکٹ لینے کے بعد دوسرے سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
انگلینڈ کی سوفی ایکلسٹون دنیا کی سرفہرست ٹی ۔20 گیندباز ہیں۔ دریں اثنا، ٹاپ۔10 آل راونڈرز کی درجہ بندی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور دیپتی چوتھے مقام پر برقرار ہیں ۔
بلے بازوں کی رینکنگ میں ہندوستان کی نائب کپتان اسمرتی مندھانا تمام ہندوستانی کھلاڑیوں سے آگے چوتھے نمبر پر ہیں جب کہ جمائمہ روڈریگس، شفالی ورما اور ہرمن پریت کور بالترتیب 13ویں، 16ویں اور 17ویں نمبر پر ہیں۔

