ایل اینڈ ٹی ممبئی اوپن ٹینس چیمپئن شپ میں 31 ممالک کے کھلاڑی حصہ لیں گے

تاثیر،۳۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 30 جنوری : مہاراشٹر اسٹیٹ لان ٹینس ایسوسی ایشن (ایم ایس ایل ٹی اے ) اور کرکٹ کلب آف انڈیا (سی سی آئی) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے ایل اینڈ ٹی ممبئی اوپن ٹورنامنٹ میں 31 ممالک کے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے، جو چھ سال کے وقفے کے بعد ٹینس کیلنڈر میں واپس آیا ہے ۔
ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن میں سنگلز اور ڈبلز دونوں زمروں میں سرفہرست 100 کھلاڑی شامل ہوں گے، جوڈبلیو ٹی اے $125کے سیریز کا حصہ ہیں۔
یہ ٹورنامنٹ کرکٹ کلب آف انڈیا کے نو تعمیر شدہ ٹینس کورٹس پر کھیلا جائے گا۔ کوالیفائنگ میچز 3 اور 4 فروری سے کھیلے جائیں گے جبکہ مین ڈرا پیر 5 فروری 2024 کو شروع ہوگا۔ فائنل اتوار 11 فروری کو کھیلا جائے گا۔
امریکی کھلاڑی کائیلا ڈے (2016 یو ایس اوپن گرلز سنگلز چیمپیئن)، جاپان کی ناو ہیبینو (تین ڈبلیو ٹی اے ٹور سنگلز خطاب کی فاتح ) اور سابق فرانسیسی اوپن سیمی فائنلسٹ تمارا زیڈانسیک خواتین کے زمرے میں مرکزی توجہ کا مرکز ہوں گی۔
اس میدان میں دیگر کھلاڑیوں میں امریکی کیٹی وولینٹس، آسٹریلیا کی ایرینا روڈیونووا اور کمبرلی بیریل اور برازیل کی لورا پیگوسی شامل ہیں۔
16 سالہ روسی ایلینا کورنیوا جو گزشتہ سال دنیا کی ٹاپ جونیئر کھلاڑی تھیں اور گرلز سنگلز خطاب جیتنے کے صرف 12 ماہ بعد 2024 کے آسٹریلین اوپن ویمنز سنگلز ایونٹ کے تیسرے راونڈ میں پہنچی تھیں، وہ بھی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔
ہندوستان کی ٹاپ رینکنگ ڈبلز کھلاڑی پرارتھنا تھومبارے اور ڈچ پارٹنر ایرین ہارٹونو کو ڈبلز ایونٹ میں براہ راست انٹری مل گئی ہے۔ ٹورنامنٹ کے وائلڈ کارڈز کا اعلان آنے والے دنوں میں متوقع ہے۔
آئی اے ایس اور آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان سنجے کھنڈارے اور پروین دراڈے نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ یہ ممبئی میں شائقین کے لیے ٹینس کا ایک دلچسپ ہفتہ ہوگا۔
انہوں نے کہا، ’’ہم چند سالوں کے وقفے کے بعد عالمی معیار کی ٹینس کو ممبئی میں واپس لاتے ہوئے بہت خوش ہیں۔ڈبلیو ٹی اے ممبئی اوپن نے ماضی میں کچھ بڑے اور ابھرتے ستاروں کو متوجہ کیا ہے ، جس میں دو بار کی آسٹریلیائی اوپن چیمپئن آرینا سبالینکا بھی شامل ہیں، جنہوں نے اپنا پہلا خطاب
2017 میں یہیں ممبئی میں جیتا ہے ‘‘۔
واضح ہو کہ یہ ڈبلیو ٹی اے ممبئی اوپن کا تیسرا ایڈیشن ہے جس میں عالمی نمبر 2 سبالینکا (2017) اور تھائی لینڈ کی لکسیکا کمکھم (2018)فاتح رہی ہیں۔