تاثیر،۲۸ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
برسبین، 28جنوری :ویسٹ انڈیز کے تیز گیندبازوںنے آسٹریلیا جا کر گابا کا غرور توڑ دیا۔ ویسٹ انڈیز نے دنیا کی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم کو ان کے گھر میں شکست دے دی ہے۔ یہ 1997 کے بعد آسٹریلیا میں ویسٹ انڈیز کی پہلی جیت ہے۔ یعنی 27 سال بعد کیریبین ٹیم نے آسٹریلیا جا کر کینگروز کو شکست دی۔ نوجوان تیز گیندباز شمر جوزف نے میچ کے چوتھے دن دوسری اننگز میں سات اور پہلی اننگز میں ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کی شکست کی کہانی لکھی۔ ویسٹ انڈیز پہلا میچ تین دن کے اندر 10 وکٹوں سے ہار گیا تھا۔ اب دوسرے میچ میں بدلہ لینے کے بعد دو میچوں کی سیریز برابری پر ختم ہوئی۔
یہ ٹیسٹ میچ گلابی گیند سے کھیلا جا رہا تھا۔ اس کا مطلب ہے کہ آسٹریلیا پہلی بار ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہارا ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے پنک بال سے اپنے تمام 11 میچ جیتے تھے۔ انہوں نے 2021-22 میں کھیلے گئے ایڈیلیڈ ڈے نائٹ ٹیسٹ میں ہندوستان کو تو صرف 36 رن پر آؤٹ کر دیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آسٹریلیا کو ٹیسٹ میں شکست دینے والی یہ وہی ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہے جو پہلے ٹی ۔20 اور پھر ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس ٹیم کے چار کھلاڑیوں کا یہ پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔
پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز منتخب ہونے والے نوجوان فاسٹ بولر شمر جوزف نے آسٹریلیا کی شکست کی اسکرپٹ لکھی۔ دوسری اننگز میں انہوں نے عثمان خواجہ، کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ سمیت سات بڑی وکٹیں حاصل کیں۔ آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ آج میچ کے چوتھے دن کے آغاز سے ایک گھنٹہ قبل ہی ڈاکٹروں نے جوزف کو کھیلنے کی اجازت دی تھی ۔ دراصل تیسرے دن آسٹریلیا کے طوفانی تیز گیند باز مچل اسٹارک نے تیز یارکر سے ان کے پیر کا پنجا توڑ دیا تھا، جس کے بعد وہ اپنے ساتھیوں کے کندھوں پر سوار ہو کر میدان سے لنگڑا کر باہر گئے تھے ۔ آج انجکشن لگا کر آسٹریلیا کو گابا کے مقام پر شکست دی ، جو اس کا ناقابل تسخیر قلعہ سمجھا جاتا ہے۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا کو جیت کے لیے 156 رنوں کی درکار تھی جبکہ ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹیں لینے کی ضرورت تھی۔ کبھی مقابلہ آسٹریلیا کی طرف جھک جاتا اور کبھی ویسٹ انڈیز جوابی حملہ کرتا۔ لیکن جوزف نے اپنا دوسرا میچ کھیلتے ہوئے پیر میں ناقابل برداشت درد کے باوجود آسٹریلیا کی کمر توڑ دی۔ آسٹریلیا نے رواں گھریلو سیزن میں پاکستان کو 3-0 سے شکست دی تھی جبکہ اس سیریز کے ابتدائی میچ میں اس نے ویسٹ انڈیز کو تین دن کے اندر 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

