تاثیر،۸فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 8 فروری:بہار میں سیاسی اتھل پتھل کے درمیان جے ڈی یو نے 11 فروری کوقانون سازاسمبلی کی میٹنگ بلائی ہے ، جس میں 12 فروری کو ہونے والے اعتماد کے ووٹ کے لیے حکمت عملی بنائی جائے گی۔ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ یہ میٹنگ وزیر تعلیم وجے چودھری کی رہائش گاہ پر ہوگی۔ این ڈی اے لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ بھی ہو سکتی ہے۔ہر بار ایسی میٹنگ پہلے ہوتی ہے لیکن اس بار 12 فروری اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے اہم دن ہے۔ دوسری طرف نتیش کمار کے این ڈی اے میں شامل ہونے کے بعد جے ڈی یو دفتر کا پوسٹر بھی بدل گیا ہے۔ جے ڈی یو دفتر کے باہر تین بڑے پوسٹر لگائے گئے ہیں۔
پوسٹر پر نتیش کمار کے چہرے کے ساتھ ترقی کے لیے پرعزم نعرہ بھی ہے۔ تینوں کا نعرہ ایک ہی ہے لیکن تینوں کا رنگ بدل گیا ہے۔ نتیش کمار کی مختلف تصویریں بھی لگائی گئی ہیں۔ پوسٹر کے ذریعے یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ نتیش کمار ترقی کے لیے پرعزم ہیں چاہے وہ کہیں بھی رہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار دہلی کے دورے پر ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی پہلے ہی 7 فروری کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کر چکے ہیں۔ اس ملاقات کے دوران بہار سے متعلق کئی مسائل پر بات چیت ہوئی ہوگی اور آج پٹنہ واپسی کے بعد مزید حکمت عملی بنائیں گے۔ بہار میں نتیش کمار کی قیادت میں این ڈی اے کی حکومت ضرور بنی ہے ، لیکن حکومت کو 12 فروری کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا باقی ہے۔ کابینہ میں مزید توسیع ہو رہی ہے تاہم کئی قیاس آ رائیاں کی جا رہی ہیں۔ کیونکہ اسمبلی اسپیکر اودھ بہاری چودھری نے ابھی استعفیٰ نہیں دیا ہے۔ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی ہے، جس پر فیصلہ 12 فروری کو ہی ہونا ہے۔

