پنجاب سے سنترہ کی آڑ میں لائی جارہی انگریزی شراب برآمد ، دو گرفتار

تاثیر،۸فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 8 فروری: بہار کی راجدھانی پٹنہ کے بہٹہ میں غیر قانونی شراب کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی ہے ، جہاں پنجاب سے لائی جارہی انگریزی شراب کو پولیس نے پکڑ لیا ہے اور دو افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔یہ شراب سنترے کے ٹرک میں چھپا کر پنجاب سے لائی جارہی تھی۔ بہٹہ تھانہ سے محض کچھ فاصلے پر بہٹہ چوک کے قریب سے محکمہ ایکسائز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کھیپ پکڑی ہے۔
بہٹہ تھانہ کی پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ پنجاب سے لدی شراب بھوجپور کے راستے پٹنہ آنے والی ہے ، جس کے بعد پولیس ٹیم نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ مہم چلائی۔ پولیس نے ٹرک کو بہٹہ چوک کے قریب روک کر تفتیش شروع کر دی کہ سنترہ کے کیریٹ کہاں سے لدے تھے۔ اس کے بعد پولیس کو شک ہوا اور ٹرک کو قبضے میں لے کر تھانے لے آئی۔ ٹرک کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو گرفتار کر لیا گیا۔ جب ٹرک کو کھولاتو پولیس کے بھی ہوش اڑ گئے۔ پھلوں کی آڑ میں شراب کی بڑی کھیپ پٹنہ لے جانے کی تیاری تھی ، لیکن پولیس نے شراب مافیا کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ اس سلسلے میں دانا پور کی اے ایس پی دیکشا نے بتایا کہ بہٹا تھانہ کو محکمہ ایکسائز سے اطلاع ملی کہ سنترہ لدا ٹرک روانہ ہونے والاہے جس کے بعد بہٹہ تھانہ نے گاڑیوں کی چیکنگ مہم شروع کرتے ہوئے ٹرک کی چھان بین شروع کردی۔