پروفیسر اسرار حسن خان کی سبکدوشی پر الوداعیہ تقریب کا انعقاد

تاثیر،۱مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ ،یکم مارچ  (پریس ریلیز) اروند مہیلا کالج کے شعبہ کامرس کے پروفیسر اسرار حسن خان کی سبکدوشی کے موقع پر جمعرات کوایک الواعی و اعزازی تقریب کا اہتمام کالج کے شعبہ کامرس کے زیر اہتمام کیا گیا ۔ پروفیسر خان نے تقریباً 39 سال تک مختلف کالجوں میں خدمات انجام دی ہیں جس میں اروندمہیلا کالج بھی شامل ہے ۔ یہاں انہوں نے 12 سال اپنی خدمات انجام دیں  ۔اس دوران انہوں نے یونیورسٹی میں بطور رجسٹرار، ڈائریکٹر اور پروموشن سیل کے بھی خدمات انجام دیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد پروفیسر اسرار حسن خان کو مولانا مظہر الحق عربی وفارسی یونیورسٹی میں لوک پال کی ذمہ داری ملی ہے۔  اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر للن کمار سمیت کالج کے تمام اساتذہ اور طلباء نے خدمت کے اس نئے سفر کے آغاز پر انہیں مبارکباد دی۔ اس موقع پر کالج کے تمام اساتذہ پروفیسر خان کے ساتھ گزارے گئے لمحات کو یاد کر کے جذباتی ہو گئے۔ نیز پروفیسر خان اور ان کی اہلیہ کو اعزاز سے نوازا گیا اور ان سے درخواست کی گئی کہ وہ والدین کی حیثیت سے گاہے بگاہے کالج آتے رہیں اور رہنمائی فراہم کریں۔ شعبہ کامرس کے استاذ ڈاکٹر سنجے اگروال نے جذباتی انداز میں شعبہ میں اپنے ساتھ گزارے ہوئے لمحات کو یاد کیا۔اس کے علاوہ شعبہ کامرس کی جانب سے نئے طلباء کے لیے ایک فریشر پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر طلباء نے رنگا رنگ پروگرام پیش کر کے سب کو محظوظ کیا۔ مس فریشرس ایشوریہ شرما، فرسٹ رنر اپ انجلی رانی اور سیکنڈ رنر اپ پریا سنگھ کو منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر اساتذہ، طلباء اور عملہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔