تاثیر،۱۹ مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پونے، 19 مئی:پونے ضلع کے ایئرپورٹ روڈ پر واقع کلیانی نگر علاقے میں سنیچر کی رات ایک نشے میں دھت کار ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار جوڑے کو کچل دیا۔ اس واقعہ میں دونوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مقامی شہریوں نے ڈرائیور کو پکڑ کر یرواڈا پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس کے مطابق پونے میں کل رات تقریباً 2.30 بجے انیس دودیا ہوٹل میں رات کا کھانا کھانے کے بعد اپنی بیوی اشونی کوسٹا کے ساتھ دو پہیہ گاڑی پر گھر کی طرف جارہے تھے۔ اچانک برہما سن سٹی کے رہنے والے ویدانت اگروال نے اپنی تیز رفتار کار سے دو پہیہ گاڑی کو ٹکر مار دی اور موقع سے بھاگنے لگا۔ لیکن مقامی شہریوں نے ویدانت اگروال کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس حادثے میں موٹر سائیکل سوار جوڑے کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ویدانت اگروال کی گاڑی پر نمبر پلیٹ بھی نہیں تھی اور وہ نشے میں تھا۔ یرواڈا پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

