پولیس حاجت میں سالی بہنوئی نے کی خودکشی

تاثیر،۱۶       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ارریہ(راحیل عرفان)ضلع کے تارا بازی تھانہ حاجت میں ہوئی ایک جوڑے کی موت سے کھلبلی مچ گئی۔ حادثہ سے برہم مقامی لوگوں نے تھانے میں آگ لگا دی۔ وہیں پولیس کی جوابی کاروائی میں ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہو گئی ہے۔ فی الحال زخمی خاتون جی ایم سی ایچ میں زیر علاج ہے۔ حادثہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ سالی اور بہنوئی کے درمیان میں کافی دنوں سے عشق چل رہا تھا۔ دو دن قبل ہی بہنوئی مٹھو سنگھ نے اپنی نابالغ سالی سے شادی کرلی تھی۔ دونوں میاں بیوی کی طرح ساتھ رہنے لگے تھے۔ شکایت ملنے پر پولیس نے جمعرات کی دوپہر دونوں کو گرفتار کیا تھا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ جس میں بہنوئی اور سالی الگ الگ بیرکوں میں نظر آرہے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم بہنوئی مخالف بیرک میں بیٹھا نظر آرہا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بہنوئی اپنی سالی کو قریب بلاتا ہے، دونوں باتیں کرتے ہیں، پھر بیرک کے ایک ہی گیٹ پر پھندا لگانا شروع کر دیتے ہیں۔ بہنوئی نے بیرک کے گیٹ سے گمچھا سے جبکہ لڑکی نے دوپٹہ سے پھندا بنا کر لٹک لیا۔ پولیس حاجت میں سالی بہنوئی کی موت کی خبر پھیلتے ہی علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد نے تاراباڑی تھانہ کا گھیراؤ کرلیا۔ مشتعل لوگوں نے پہلے پولیس کے خلاف نعرے بازی کیں۔ پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔ سڑک پر آمد و رفت پر بھی روک لگادی۔ پولیس نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے ہوا میں ایک راؤنڈ فائر بھی کی۔ مشتعل ہجوم نے ارریہ صدر کے ایس ڈی پی او رامپکار سنگھ اور سکتی پولیس اسٹیشن کے داروغہ نریندر کمار پرساد پر بانس سے حملہ کرکے انہیں بری طرح زخمی کردیا۔ وہیں پولیس کی جوابی کاروائی میں ایک خاتون جو کہ مذکورہ پولیس تھانہ کے بغل میں ہی ناشتے کا ٹھیلہ لگایا کرتی وہ بری طرح زخمی ہوگئی ہے۔ جی ایم سی ایچ کے ڈاکٹر کے مطابق گولی خاتون کے بازو سے آر پار ہو گئی ہے۔ وہیں حادثہ کے بعد جمعہ کی صبح سے ہی پولیس ٹیم مسلسل گشت کرتی رہی۔ یہاں بتادیں کہ مٹھو کی پہلی شادی ڈیڑھ سال قبل ہی متوفی کی‌ بڑی بہن ۔سکان دیوی سے ہوئی تھی۔ واقعہ کے سلسلے میں ایس ڈی پی او رامپکار سنگھ نے بتایا کہ تھانہ حاجت میں قید سالی بہنوئی نے خودکشی کر لی۔ واردات کے بعد لوگوں نے پولیس کی چھ گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔