“السبیل اکیڈمی” کسیارگاؤں ارریہ میں عالمی یومِ ماحولیات پردرخت اور پودے لگائے گئے۔

تاثیر۵       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ارریہ :-  ( مشتاق احمد صدیقی ) ہرسال 5/ جون کو عالمی سطح پر ماحولیات کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد ماحولیاتی مسائل کے بارے میں شعور پیدا کرنا اور نوع انسان کو بیدار کرنا ہے، اسی کے مد نظر ضلع ارریہ کا معروف ومشہور اور سی بی ایس ای سے ایفلیٹیڈ تعلیمی وتربیتی ادارہ “السبیل اکیڈمی” کسیارگاؤں ارریہ کے کیمپس میں عالمی یومِ ماحولیات جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا اور اس موقع پر اکیڈمی کے کیمپس کے پارک میں پارک انچارج مجیب الرحٰمن کی رہنمائی اور میتھلیس کمار رام کی اگوائی میں یہاں کے ڈائریکٹر نوید حسن، نائب پرنسپل مشتاق احمد صدیقی ودیگر ٹیچرس کے ذریعہ درجنوں درخت اور پودے لگائے گئے۔ اس عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اکیڈمی کے ڈائریکٹر نوید حسن نے اپنی ریاست بہار کے ساتھ ساتھ ملک ہندوستان کے لوگوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عالمی یومِ ماحولیات پر ہر ایک شخص کو کم از کم ایک پیڑ لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آپ نے مزید کہا کہ دورِ جدید میں ماحولیات کی آلودگی میں عالمی طور پر تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ آلودگی میں اضافہ اور درجۂ حرارت میں اضافہ کی وجہ سے سانس لینے میں پریشانی کے علاوہ تمام طرح کی بیماریوں اور گرمی میں اضافہ ہورہا ہے۔ آلودگی کے سبب زمین پر رہ رہے انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں اور پرندوں کے لئے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جانوروں کی ایک بڑی تعداد معدوم ہوتی جا رہی ہے جبکہ نائب پرنسپل مشتاق احمد صدیقی نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ پوری دنیا میں آلودگی بھی مسلسل بڑھ رہی ہے اور ماحول کو صاف رکھنا ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ بھارت میں پلاسٹک کی صنعت ایک طرف روزگار پیدا کرنے میں سرفہرست ہے۔ ایک ہی وقت میں، پلاسٹک کا فضلہ ماحول کے لیے ایک بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے اور اس میں کمی لانے کے لئے زیادہ سے زیادہ پیڑ پودے لگانے کی سخت ضرورت ہے، اس لئے ہر فرد کے لئے ضروری ہے کہ جس طرح اپنے اہل وعیال کے رہنے سہنے کے لئے گھروں کی تعمیر کرتے ہیں ٹھیک اسی طرح ان کی اچھی صحت اور آلودگی سے بچنے کے لئے لازمی ہے کہ ہر پانچ مہینے میں اپنے آس پاس میں پیڑ پودے لگائیں! اس موقع پر پربھات کمارٹھاکر، ندیم اختر، امر یوگی، خالد حسین، ابو صادق، حیدر آزاد اور شہاب احمد سمیت طلباء میں سےشعبان عالم، افضل رحمانی، کاشف قمر اور رزیق انور وغیرہ موجود تھے۔