آر جی کار اسپتال میں توڑ پھوڑ کے واقعہ میں 100 کروڑ کا نقصان: ممتا بنرجی

تاثیر  ۱۷   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکتہ، 17 اگست: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ تقریباً 40 افراد کا ایک گروپ اسپتال میں داخل ہوا اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، نرسنگ یونٹ اور میڈیکل اسٹور میں توڑ پھوڑ کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ سے تقریباً 100 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ہجوم نے اس سٹیج پر بھی توڑ پھوڑ کی جہاں جونیئر ڈاکٹر ٹرینی خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اور سیکورٹی کا مطالبہ کر رہے تھے۔اس کے ساتھ ہی سی ایم ممتا نے آر جی کار اسپتال میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملے کی تحقیقات کے لیے پولس کو وقت مقرر کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر پولس نے 18 اگست تک تفتیش مکمل نہیں کی تو کیس سی بی آئی کو سونپ دیا جائے گا۔ تاہم اس سے قبل کلکتہ ہائی کورٹ نے اس کیس کی جانچ سی بی آئی کو سونپ دی تھی۔اس پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سی ایم ممتا نے سی بی آئی کو الٹی میٹم بھی دیا۔ انہوں نے سی بی آئی کو جلد تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اگر سی بی آئی 18 اگست (اتوار) تک مجرموں کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہوئی تو بڑی تحریک چلائی جائے گی۔سی ایم ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم دہلی میں احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو رکھشا بندھن کے دن بھائی بہنوں کی حفاظت کے نام پر ہمارا پروگرام ہوگا۔ ممتا نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ مجرموں کو پھانسی دی جائے۔سی ایم ممتا نے سی پی آئی (ایم) اور بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ آر جی کار اسپتال کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر فرضی خبریں پھیلا کر خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے پیچھے حقیقت کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے سی بی آئی سے اتوار تک کیس کو حل کرنے کی اپیل کی اور مجرموں کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سچ سامنے آئے لیکن کچھ لوگ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلا کر حقیقت کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مجرموں کو سزا دی جائے۔بتادیں کہ جمعرات کی صبح تقریباً 40 افراد کا ایک گروپ اسپتال میں داخل ہوا اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، نرسنگ یونٹ اور میڈیکل اسٹور میں توڑ پھوڑ کی، ہجوم نے سرکاری اسپتال میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی نقصان پہنچایا اور اسٹیج کی بھی توڑ پھوڑ کی۔ جونیئر ڈاکٹر ایک خاتون ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اور اپنے کام کی جگہ پر سیکورٹی کا مطالبہ کر رہے تھے۔