تاثیر ۱۷ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 17 اگست: ونیش پھوگاٹ پیرس اولمپکس 2024 میں کوئی تمغہ نہیں جیت سکیں لیکن اس چیمپئن خاتون ریسلر نے پورے ملک کا دل ضرور جیت لیا۔ پیرس اولمپکس میں حصہ لینے کے بعد ونیش پھوگاٹ پہلے کولکتہ آئیں اور پھر وہاں سے دہلی پہنچیں۔ جیسے ہی وہ دہلی پہنچی تو وہ خود کو روک نہ پائی اور ان کی آنکھوں میں آنسو نظر آئے۔ وہ اپنے ساتھ جو کچھ ہوا اس پر اپنا غم چھپا نہیں سکی اور بلک بلک کر روتی ہوئی دیکھی گئی تھی۔ ونیش کے والدین بھی ان کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پہنچے تھے اور ان کی والدہ نے کہا کہ تمغہ آئے یا نہ آئے، بیٹی نے ہمارا اور پورے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ونیش پھوگاٹ جب دہلی ایئرپورٹ پہنچی تو روہتک کے ایم پی دیپندر ہڈا ان کے استقبال کے لیے وہاں کھڑے نظر آئے، جب کہ اولمپک میڈلسٹ پہلوان بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک ان کے ساتھ نظر آئے۔ ان دونوں کو ونیش کو تسلی دیتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ تاہم، دنگل گرلز ببیتا پھوگٹ اور گیتا پھوگٹ کو ونیش کا استقبال کرنے کے لیے نہیں دیکھا گیا۔ مانا جاتا ہے کہ ونیش کے ان کے ساتھ تعلقات زیادہ اچھے نہیں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ایسا ہوا۔ یقیناً ونیش کی دونوں بہنیں وہاں نہیں تھیں لیکن دہلی ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے لیے ایک بہت بڑا ہجوم جمع تھا اور ہر کوئی اپنے چیمپئن کھلاڑی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب تھا۔