تاثیر ۲۲ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
میرٹھ، 22 اگست: لوہیا نگر تھانہ علاقہ کے عمر نگر میں بدھ کی دیر رات شرپسندوں نے ایس پی ایم ایل اے رفیق انصاری کے رشتہ دار کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ اس کے بعد انہوں نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر سونے- چاندی کے زیورات اور نقدی سمیت 40 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے بدمعاشوں کی تلاش شروع کردی ہے۔
لوہیا نگر تھانہ علاقہ کے ذاکر کالونی چوکی کے قریب عمر نگر میں دھاگے کے تاجر شاداب اپنے خاندان کے ساتھ رہتے ہیں۔ ان کے گھر میں ہی دھاگے کی دکان ہے۔ بدھ کی رات دیر گئے، چار موٹر سائیکلوں پر سوار سات بدمعاش ان کی دکان پر پہنچے اور شٹر کو گرا دیا۔بدمعاشوں نے شاداب کے بیٹے ارحم کو گن پوائنٹ پر لے لیا گھر میں گھس گئے۔ اس کے بعد بدمعاشوں نے شاداب، اس کی بیوی شبانہ، والد مقصود، والدہ سعیدہ، بیٹیوں دیمیا اور علیزہ، بھائی شاہ فیصل، اس کی بیوی عرشی اور دو بچوں کو گن پوائنٹ پر ایک کمرے میں یرغمال بنا لیا۔
شرپسندوں نے شاداب سے تمام الماریوں کی چابیاں چھین لیں اور تقریباً دو گھنٹے تک پورے گھر میں لوٹ مار کی۔ آدھی رات کے بعد بدمعاشوں کے فرار ہونے کے بعد اہل خانہ نے شور مچایا، جس کے بعد پڑوسیوں نے کمرے کا گیٹ کھولا۔ بدمعاش گھر سے سونے چاندی کے زیورات اور نقدی سمیت 40 لاکھ روپے کا سامان لے گئے۔
اہل خانہ کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ ایس پی سٹی آیوش وکرم سنگھ، لوہیا نگر انسپکٹر سنجے پانڈے پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ شاداب ایس پی سٹی ایم ایل اے رفیق انصاری کے بہنوئی ہیں۔ ایس پی ایم ایل اے نے اس معاملے میں ایس پی سٹی سے بات کی اور بدمعاشوں کو پکڑنے کو کہا۔