تاثیر ۲۷ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
دھنباد، 27 اگست: سی بی آئی دہلی کی ٹیم دھنباد ضلع کے پانچ مقامات پر پیر کی دیر شام چھاپہ مارنے پہنچی۔ سی بی آئی کی ٹیم نے دھنباد کی ہاؤسنگ کالونی میں واقع مشہور ریڈیولوجسٹ ڈاکٹر پرنے پوروے عرف ایس پی پوروے کے گھر اور دفتر، مٹکوریا میں جی ٹی ایس کمپنی کے مالک گرپال سنگھ کے گھر اور دفتر، انکم ٹیکس آفس، سرائے ڈھیلا کے امن داروکا اور پرانا بازار کا رہنے والے اشوک چورسیا کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ تقریباً 10 سے 11 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس چھاپے کے بعد دہلی سی بی آئی کی ٹیم نے تین لوگوں، جی ٹی ایس آوٹ سورسنگ کے مالک کے گرپال سنگھ، ڈاکٹر ایس پی پوروے اور ایک دوسرے کو گرفتار کرلیا اور اپنے ساتھ پٹنہ لے گئے۔
سی بی آئی کا یہ چھاپہ منگل کی صبح تقریباً 4:26 بجے ختم ہوا۔ سی بی آئی نے گرپال سنگھ کے گھر سے کئی اہم دستاویزات اور الیکٹرانک گیجٹس بھی ضبط کیے ہیں۔ ساتھ ہی دھنباد انکم ٹیکس آفس میں ان تاجروں سے متعلق انکم ٹیکس لین دین کی چھان بین کی گئی۔