کانپور میں سابرمتی ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتریں

تاثیر  ۱۷   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کانپور، 17 اگست: جھانسی ڈویڑن کے تحت کانپور کے کانپور-بھیمسین سیکشن میں گووند پوری اسٹیشن کے قریب صبح تقریباً 2.30 بجے سابرمتی ایکسپریس (بنارس-احمد آباد) کے کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ حادثے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
شمالی ریلوے کے پی آر او امت مالویہ نے بتایا کہ جھانسی ڈویڑن کے کانپور-بھیمسین سیکشن میں گووند پوری اسٹیشن کے قریب صبح 2.30 بجے ٹرین نمبر 19168 سابرمتی ایکسپریس (بنارس-احمد آباد) کے کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ ڈرائیور کے مطابق پتھر انجن سے ٹکرا گیا جس کی وجہ سے انجن کا کیٹل گارڈ مڑ گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام پوری ٹیم کے ساتھ ریسکیو اور راحت کے لیے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔ مسافروں کو بس کے ذریعے کانپور بھیجا جا رہا ہے۔ جائے حادثہ اور کنٹرول آفس میں سینئر اہلکار موجود ہیں۔ امدادی گاڑی بھی روانہ ہوگئی ہے۔