بڑے جوش و خروش کے ساتھ پورے ضلع میں یوم آزادی کی تقریبات کاانعقاد
سہرسہ،(سالک کوثر امام)سہرسہ اسٹیڈیم میں جمعرات کو 78ویں یوم آزادی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ضلع مجسٹریٹ ویبھو چودھری نے پرچم کشائی کی۔اس موقع پر ایس پی ہمانشو، ڈی ڈی سی سنجے کمارنرالہ ، صدر ایس ڈی و پردیپ کمارجھا ، صدر ایس ڈی پی او سمیت کئی افسران موجود تھے۔تقریب میں محکمہ صحت کی جھانکی، محکمہ تعلیم کی جھانکی سمیت کئی جھانکیاں نکالی گئیں۔ اسٹیڈیم کے احاطے میں موجود لوگوں نے جھانکیاں دیکھ خوب لطف اٹھایا۔وہیں ضلع مجسٹریٹ ویبھو چودھری نے پرچم کشائی کے اختتام کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ آئین کی بنیادی روح تمام ہندوستانی شہریوں کو انصاف، آزادی اور برابری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اور یہ ملک کی سالمیت، اتحاد اور بھائی چارے کی حوصلہ افزائی کا عہد بھی کرتا ہے۔ اس دن ہم منگل پانڈے، بابو ویرکنور سنگھ، رانی لکشمی بائی، بہادر شاہ ظفر سمیت آزادی ہند کی جدوجہد میں شریک مجاہدین آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی جنگ جیتنے کے لیے ہمارے انقلابی رہنماباپو مہاتما گاندھی، نیتا جی سبھاش چندر بوس، شہید بھگت سنگھ، اشفاق اللہ خان، چنرشیکھرآزاد، پیرعلی خان، ڈاکٹر راجندر پرساد، آئین کے خالق بھیم راؤ امبیڈکر، پنڈت جواہر لال نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل نے اپنی ناقابل فراموش خدمات پیش کیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج ہم کوسی کے لعل پلکیت کامت، ہریکانت جھا، بھولا ٹھاکر، پھولیشور منڈل، کیدار ناتھ تیواری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے گولیاں کھا کر اپنی جانیں قربان کیں۔ ہمارا قومی پرچم ترنگا ان کی امنگوں کو بلندی فراہم کر رہا ہے۔وہیں سمری بختیار پور سب ڈویژن میں بھی یوم آزادی کی تقریبات جوش وخروش کے ساتھ منائی گئیں۔سب ڈویژنل آفیسر انیشاسنگھ نے اپنے رہائشی دفتر اور سب ڈویژنل دفتر کے احاطہ میں پرچم کشائی کرترنگے کو سلامی دی۔وہیں ڈی ایس پی آفس میں ڈی ایس پی مکیش کمار ٹھاکر نے پرچم کشائی کی، وہیں بختیارپورتھانہ میں تھانہ انچارج اجے پاسوان اور سرکل دفتر میں انسپکٹر محمدشجاع الدین نے پرچم کشائی کرترنگے کو سلامی دی۔اسی طرح بختیارپوربلاک دفتر،سب ڈویژن اسپتال ،ڈی سی کالج اور پروجیکٹ گرلس ہائی اسکول کے احاطہ میں پرچم کشائی کی گئی۔ان سبھی مقامات پر ایس ڈی او،ڈی ایس پی ،بی ڈی او،سی او سمیت آرجے ڈی کے قومی نائب صدر و سابق ایم پی چودھری محبوب علی قیصر بھی موجودرہے۔وہیں بختیارپوراسٹیٹ میں بھی پرچم کشائی کی گئی، پرچمکشائی کی رسم مقامی چودھری محبوب علی قیصر کے ہاتھوں اداکی گئی،جس میں سب ڈویژن کے سبھی افسران نے شرکت کی۔ اور نگرپریشد سمری بختیارپورکے احاطہ میں نگرپریشدچیئرمین فصیحہ خاتون نے سب ڈویژن کے سبھی افسران کی موجودگی میں پرچم کشائی کرترنگے کو سلامی دی۔ اس کے علاوہ مدرسہ اسلامیہ تریانواں میں مدرسہ کے پرنسپل مولاناافسرامام قاسمی کے ہاتھوں پرچم کشائی کی رسم ادا کی گئی۔وہیں سب ڈویژن کے سرکاری وپرائیوٹ اسکولوں ومدرسوں میں تزک و احتشام کے ساتھ یوم آزادی کاجشن منایاگیا۔اس موقع پر مخدوم ابوالقاسم میموریل اسکول تریانواں میں اسکول کے بانی و سرپرست حافظ کوثرامام نے پرچم کشائی کی، بعدازاں اسکول کے بچوں نے ثقافتی پروگرام پیش کر حاضرین کو حددرجہ لطف اندوزکیا۔