تاثیر ۱۸ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
گلوبل وارمنگ اور گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا انتہائی تشویشناک ہے -: سنیتا راوت۔
ارریہ (مشتاق احمد صدیقی) 78ویں یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر انڈیا نیپال فرینڈ شپ انوائرمنٹ کنزرویشن کمپین کی جانب سے نیچر اینڈ کلچرل کنزرویشن مہم کے تحت جوگبنی میونسپل کونسل میں شجر کاری کی گئی۔ اس موقع پر جوگبنی میونسپل کونسل کی ایگزیکٹیو آفیسر محترمہ میناکشی کماری نے کہا کہ درجۂ حرارت میں اضافہ ہر ایک کے لئے تشویش کا باعث ہے۔ قدرت نے کوسی سیمانچل کو سب کچھ دیا ہے۔ قدرت کے فراہم کردہ وسائل کو صحیح طریقے سے استعمال کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ درخت لگانے اور پانی کے تحفظ کے لئے سب کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جوگبنی میونسپل کونسل کو گرین سٹی میں تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس میں میونسپل کونسل کے ساتھ ساتھ چونکہ جوگبنی دو ممالک کی سرحد پر ہے اس لئے جوگبنی میونسپل کونسل کی جانب سے عام عوام کے تعاؤن اور میتری سنستھا کے تعاون سے 15 اگست کو بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم چلائی گئی ہے۔ “انڈو نیپال” میتری انوائرمنٹ پروٹیکشن کمپین کے صدر راجیش کمار شرما نے کہا کہ سرحدی علاقے میں ماحولیاتی تحفظ کے لئے بہت سے کام کئے گئے ہیں۔ سرحدی علاقے میں اب تک ہزاروں پودے لگائے جا چکے ہیں۔ اسی مہم سے وابستہ لوگوں نے تمام اسکولوں، کالجوں، سرکاری اداروں، عوامی نمائندوں اور تمام سرکاری و نجی اداروں سے بھی اپیل کی کہ کیمپس میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ ماحولیاتی تحفظ میں ماتری شکتی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے بھارت نیپال میتری انوائرمنٹ پروٹیکشن کمپین کے نیپال ڈویژن کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ آج جوگبنی شہر کی باگ ڈور نہ صرف سرحد کو برقرار رکھتی ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بھی برقرار رکھتی ہے۔ ماتری شکتی کے ہاتھ سے ماحولیاتی تحفظ کے لئے جو بھی کام کیا جا رہا ہے، وہ ایک قابل ستائش اقدام ہے۔ اس موقع پرچیف کونسلر رانی دیوی نے کہا کہ کوسی سیمانچل کی پہچان اس کا قدرتی حسن ہے۔ کسی بھی ریاست کے لئے جنگل کی دولت ریاست کی روزی روٹی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ ہم جنگلاتی وسائل میں اضافے اور پانی کے تحفظ کے لئے مسلسل کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ کمیٹی کی رکن سنیتا راوت نے کہا کہ سیمانچل علاقہ ہمالیہ کی گود میں واقع ہے لیکن گلوبل وارمنگ اور گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو پاکیزہ ماحول فراہم کرنے کے لئے سب کو درخت لگانے اور پانی کے تحفظ کے لیے کام کرنا ہو گا۔ اس موقع پر بی جے پی لیڈر اور چیف کونسلر کے نمائندے روہت یادو، میونسپل کونسل کے پرویز عالم، صحافی نوین کرن، وینیتا سنگھ، اور دونوں ممالک کے معززین موجود تھے۔