تاثیر ۱۴ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں, 14 ستمبر:جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈوڈہ اسپورٹس اسٹیڈیم میں ایک جم غفیر عوامی جلسے سے خطاب کیا۔خطہ چناب کی آٹھ اسمبلی حلقوں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے جلسے میں شرکت کی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں مودی نے کہا کہ ہم سب مل کر جموں و کشمیر کی بہتر اور مستحکم تعمیر کریں گے یہ مودی کی گارنٹی ہے۔جموں و کشمیر کا چناؤ جموں و کشمیر کا مستقبل طے کرنے والا ہے۔آج جموں و کشمیر غیر ملکی طاقتوں کے نشانے پر آ گیا ہے۔اْس کے بعد خاندانی سیاست دانوں نے اس کو کھوکھلا کر دیا۔جن پر آپ نے بھروسہ کیا،اْنہوں نے آپ کے بچّوں کی فکر نہیں کی۔جموں و کشمیر کے نوجوان دہشت گردی میں پستے گئے۔ان لوگوں نے جموں و کشمیر میں عام لوگوں آگے نکلنے نہیں دیا۔یہاں سال 2002 سے پنچایتی انتخابات نہیں ہوئے تھے۔بی ڈی سی ،ڈی ڈی سی انتخابات کبھی نہیں ہوئے تھے۔خاندانی سیاستدانوں نے یہاں کے ہونہار بچّوں کو آگے آنے نہیں دیا۔ہم نے نئی لیڈر شپ کو آگے آنے کی کوشش کی ،پہلی بار ڈی ڈی سی انتخابات کرائے۔تاکہ جموں و کشمیر میں جمہوریت زمینی سطح تک پہنچ سکے۔یہاں خاندانی سیاست کرنے والے نہیں چاہتے تھے کہ وہ سیاست میں نئے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیں۔مودی نے اِن کے سیاست کو چلیج کیا۔جموں و کشمیر میں گزشتہ سالوں میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے۔