تاثیر ۱۵ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد: 15 ستمبر:حیدرآباد کے جوبلی ہلز علاقہ میں وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی کے گھر کے قریب ایک مشتبہ بیگ ملنے کے بعد صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی۔ یہ واقعہ اْس وقت پیش آیا جب وزیراعلی کی سیکیورٹی ونگ کے عہدیداروں نے علاقہ کی معمول کی گشت کے دوران اس بیگ کو پایا اور فوری طور پر اپنی تحویل میں لے لیا۔عہدیداروں نے بیگ کو مشکوک قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل چھان بین شروع کر دی ہے تاکہ اس کی نوعیت اور اندر موجود مواد کا پتہ لگایا جا سکے۔ ماہرین کی ٹیم، جن میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے افراد بھی شامل ہیں، کو فوری طور پر موقع پر طلب کیا گیا ہے تاکہ بیگ کو محفوظ طریقے سے کھولا جا سکے اور کسی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔اس مشتبہ بیگ کی برآمدگی کے بعد، پولیس نے وزیراعلی ریونت ریڈی کے گھر اور اس کے اطراف میں سخت حفاظتی اقدامات اٹھا لیے ہیں۔