تاثیر ۸ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بیروت، 08 ستمبر:لبنان کے جنوبی قصبے فارون پر اسرائیل کے حملے میں تین پیرامیڈیکس ارکان جاں بحق اور مزید دو زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی حکومت نے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے لبنانی سول ڈیفنس کی ایک ٹیم کو نشانہ بنایا جبکہ انہوں نے اسرائیل کی حالیہ فضائی کارروائیوں کا جواب دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے کارروائی میں ایک فائر ٹرک نشانہ بنا۔لبنانی حکومت نے اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس سے حکومتی عہدیداروں پر بدترین کارروائی قرار دیا اور یہ 12 گھنٹوں سے کم وقت میں ایمرجنسی ٹیم پر دوسرا حملہ ہے۔دوسری جانب اسرائیلی ملیٹری نے اس حملے کے حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا۔حزب اللہ نے بیان میں کہا کہ اسرائیلی حملے کے جواب میں اسرائیل کی 91 ویں ڈویژن کے ہیڈکوارٹرز میں میزائل برسائے، جہاں شمالی سرحد کی نگرانی کی جاتی ہے اور اس حملے میں ان کے دفاتر اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے نتیجے میں سرحد کے دونوں اطراف سے ہزاروں فراد بے گھر ہوگئے ہیں۔یاد رہے کہ دونوں فریقین کے درمیان کشیدگی گزشتہ برس 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی غزہ جنگ کے باعث بڑھی تھی اور حماس کے حملے کے بعد اسرائیل نے حزب اللہ کے ساتھ جنوبی لبنان میں سرحد پر بھی لڑائی شروع کی تھی۔