تاثیر ۲۵ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں, 25 ستمبر:جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان جاری ہے۔ صبح سویرے سے ہی متعدد بے گھر پنڈت اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لئے ووٹنگ مراکز پہنچے۔ووٹ ڈالنے والے کئی لوگوں نے انتخابات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دس سال بعد ہونے والے انتخابات، اور آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد پہلی بار ہونے والی پولنگ سے بے حد امیدیں وابستہ ہیں۔ بہت سے لوگوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انتخابات کے بعد ایک ایسی حکومت تشکیل پائے گی جو ان کی وطن واپسی اور سیکورٹی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگی۔جموں میں مقیم بڈگام ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک اور بے گھر کشمیری پنڈت اور پہلی بار ووٹ ڈالنے والے واٹر نے نوجوانوں کو جوش و خروش کے ساتھ ووٹنگ میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔اُنہوں نے کہا کہ اپنے قیمتی ووٹ کو ضائع نہ کریں۔ میں حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ روزگار کے مواقع فراہم کرے اور بے گھر پنڈتوں کی اپنے گھروں کو واپسی کی راہ ہموار کرے۔