تاثیر ۱۲ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 12 ستمبر: اداکارہ ملائکہ اروڑہ کے سوتیلے والد انل مہتا کی آخری رسومات جمعرات کو سانتا کروز کے ہندو شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں۔ انہوں نے 11 ستمبر کو ممبئی کے باندرہ علاقے میں اس عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی، جس میں وہ رہتے تھے۔ ملائکہ اپنی والدہ جوائس اور بہن امریتا اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اپنے والد کے گھر سے شمشان گھاٹ پہنچیں۔
انل مہتا کی موت سے ملائکہ کے خاندان پر غم کا پہاڑٹوٹ پڑا ہے۔ ممبئی پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ ملائکہ کے والد نے خودکشی کیوں کی؟انل مہتا (62) کی لاش بدھ کی صبح 9 بجے باندرہ میں ان کے اپارٹمنٹ عائشہ منور کے نیچے پڑی ہوئی ملی۔ پولیس کے مطابق انہوں نے اسی عمارت کی چھٹی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی۔
انل مہتا کی عمر 62 سال تھی۔ پولیس اور فارنسک ٹیم نے جائے وقوعہ کی جانچ شروع کردی ہے۔ حالانکہ پولیس کو کوئی سوسائڈ نوٹ نہیں ملا ہے لیکن اس معاملے کی خودکشی کے زاویے سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی۔