تاثیر ۶ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
(خبر میں برائے کرم دونوں تصویر لگا دیں )
دربھنگہ( پریس ریلیز) دربھنگہ صدر بلاک واقع پلس ٹو اپگریڈیڈ ہائی اسکول ٹھکرنیا موریا کی جانب سے یوم اساتذہ کے موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر رام شرن یادو کی سربراہی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بچوں نے کئی رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کئے، تقریب کا اہتمام پرائمری، مڈل کے علاوہ ہائی اسکول اور پلس ٹو کے الگ الگ کلاسوں میں ہوا جس میں اساتذہ کے ساتھ طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ہائی اسکول میں پروگرام کا آغاز اسکول کے ہیڈ ماسٹر رام شرن یادو نے شمع روشن کر کے کیا جبکہ کیک کاٹنے کی رسم رام شرن یادو اور ہائی اسکول کے سینئر استاد و تعلیمی انچارج شمشاد علی نے مشترکہ طور پر کیا۔ نظامت کے فرائض دسویں جماعت کی طالبہ سائنہ نے بخوبی انجام دیے جبکہ مہمان اساتذہ کا استقبال ہائی اسکول کے اردو استاد محمد عارف اقبال نے کیا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے رام شرن یادو نے کہا کہ ہم سبھی لوگ اس عظیم استاد کی یوم پیدائش منا رہے ہیں جنہوں نے تعلیمی نظام اور ایک استاد و شاگرد کے درمیان رشتہ استوار کیا۔ سرو پلی رادھا کرشنن صدر جمہوریہ کے عہدے پر فائز رہنے کے باوجود تاعمر ایک مخلص استاد بن کر ہی رہے۔ طلبا سے خطاب کرتے ہوئے سینئر استاد شمشاد علی نے کہا کہ یہ اسکول آپ کی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے، اس لیے اپنی زندگی اور مقاصد کو ایک رخ دیجئے، پڑھائی آپ کی پہلی ترجیح ہونی چاہئے ساتھ طور طریقہ بھی آپ کی زندگی کا حصہ ہونا چاہئے ، جس نے تعلیم حاصل کیا مگر وہ تربیت سے محروم ہوا تو ایسے لوگ کامیاب ہو کر بھی ناکامی کا منہ دیکھتے ہیں۔ سنسکرت کے استاد ڈاکٹر آشوتوش مشرا نے بچوں سے کہا کہ ڈاکٹر رادھا کرشنن کے نظریات پر عمل کرنا ہی دراصل انہیں صحیح خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ شوسل سائنس کے استاد ابھیشیک آنند نے کہا کہ یوم اساتذہ سال میں ایک بار آتا ہے مگر استاد کی عظمت و عزت کو صرف ایک دن تک محدود نہ کریں بلکہ آپ کے دل میں اپنے استاد کے لیے ہر لمحہ اور ہر موڑ پر احترام ہونا چاہئے۔ ایک استاد ہی ہوتا ہے جو اپنے شاگردوں کو خود سے بڑا بنتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اردو کے استاد و صحافی محمد عارف اقبال نے کہا کہ طلبا تعلیم کے ساتھ مختلف سطح پر منعقد ہونے والے کوئز مقابلہ ، فن و ثقافت، ڈرامہ اور دیگر سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں ، اس سے آپ کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں گی ۔ آج جو طلبا و طالبات دیگر فنون میں مہارت دکھائی ہے وہ سب مبارک باد کے مستحق ہیں۔ پروگرام میں جن بچوں نے حصہ لیا ان میں آسیہ پروین، اوشا کماری، محمد احسان ( تقریر)، عائشہ فاطمہ، منتشا پروین، رونق جہاں ( گیت)، گنچہ پروین، قدرت پروین، سارا پروین( استقبالہ گیت)، رونق پروین، سدرہ پروین، کنیز فاطمہ، نازیہ پروین( شاعری) مسکان پروین( لطیفہ) کے نام شامل ہیں جبکہ پروگرام میں موجود اساتذہ میں رشی کیش کمار، سندیپ کمار، آنند کمار، وانی کماری، پرینکا کماری، آرتی کماری، انیتا کماری، ناگیندر کمار، راجیش کمار، آلوک کمار، ارجن کمار، دویش کمار اور تبسم میڈم کے نام قابل ذکر ہیں۔