ڈوڈہ میں پی ایم مودی کی آمد کی تیاریاں جاری

تاثیر  ۱۰  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں، 10 ستمبر: جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی 14 ستمبر کو ڈوڈہ میں اپنے امیدواروں کی حمایت کے لیے ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی کے ریلی انچارج ڈوڈہ منیش شرما نے اس موقع کو خطہ چناب کے لوگوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی پہلی بار ڈوڈہ کی سرزمین پر تشریف لا رہے ہیں۔ شرما نے مزید کہا کہ جلسے کے انتظامات کو پارٹی سطح پر حتمی شکل دی جا رہی ہے، اور خطہ چناب کے تینوں اضلاع کے لوگوں کو ڈوڈہ کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ڈوڈہ آمد خطہ چناب کے آٹھ اسمبلی حلقوں میں بی جے پی کے حق میں ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔ شرما نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کو ڈوڈہ آنے کی دعوت دی گئی تھی، جسے انہوں نے اپنی مصروفیات کے باوجود قبول کرکے ڈوڈہ کے لوگوں کو عزت بخشی ہے۔