تاثیر ۲ اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 02 اکتوبر:: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے این ڈی اے اتحاد کے تمام لیڈروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے باہمی اختلافات کو بھلا کر ایک ساتھ الیکشن لڑیں۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے امت شاہ کو یقین دلایا ہے کہ مہاراشٹر میں اگلی حکومت این ڈی اے اتحاد ہی بنائے گی۔ وزیر اعلیٰ شندے نے بدھ کے روز امت شاہ سے ریاست میں این ڈی اے کے امیدواروں کے ناموں کا جلد سے جلد اعلان کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ امت شاہ منگل سے دو دن کے مہاراشٹر کے دورے پر ہیں۔ ایکناتھ شندے نے بدھ کو امت شاہ سے ملاقات کی اور ریاست کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ شیوسینا کی ممکنہ سیٹوں کی فہرست پر وزیر اعلیٰ نے امت شاہ سے کہا کہ سیٹوں کی جلد تقسیم ضروری ہے، ورنہ لوک سبھا انتخابات کی طرح اسمبلی میں بھی نقصان ہو سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ کسی بھی قیمت پر ریاست میں این ڈی اے کی مخلوط حکومت لائیں گے۔