اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے ‘ناقابل قبول’ ہیں: جاپانی وزیرِ اعظم

تاثیر  ۲  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ٹوکیو، 02 اکتوبر: جاپان کے نئے وزیر اعظم شیگیرو اشیبا نے بدھ کو خطے میں ”ہمہ گیر جنگ” کے خلاف خبردار کرتے ہوئے اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے کو ”ناقابل قبول” قرار دیا ہے۔منگل کو پارلیمنٹ میں وزیرِ اعظم کے طور پر اپنی تقرری کے بعد ایشیبا نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ فون کال کے بعد یہ تبصرہ کیا۔انہوں نے صحافیوں کو بتایا، ”ایران کا حملہ ناقابلِ قبول ہے۔ ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ہی ہم کشیدگی کم کرنے اور اسے مکمل جنگ کی طرف بڑھنے سے روکنے کے لیے (امریکہ کے ساتھ) تعاون کرنا چاہیں گے۔’ ’67 سالہ سابق وزیرِ دفاع نیٹو کے خطوط پر باہمی دفاع کے لیے علاقائی فوجی اتحاد کے قیام کی حمایت کرتے ہیں۔ایشیبا نے کہا کہ جاپان اور امریکہ کا دفاعی اتحاد ان کے پیشرو فومیو کشیدا کے دور میں ”نمایاں طور پر مضبوط” ہوا۔کشیدا نے دفاعی اخراجات کو دوگنا کرنے اور امریکہ اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لیے کام کیا جن کے لیے چین کا عروج اور روس اور شمالی کوریا کے اقدامات پریشان کن ہیں۔ایشیبا نے کہا کہ انہوں نے بائیڈن کو بتایا، ”میں اس پالیسی کا وارث بننا چاہتا ہوں اور اسے مزید مضبوط بنانے کی کوشش کروں گا۔’