تاثیر ۴ اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بیروت، 04 اکتوبر:حزب اللہ نے لبنان میں سرحد پر جھڑپوں کے دوران 17 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔قطری نشریاتی ادارے ‘الجزیرہ’ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حمایت یافتہ لبنان کے گروپ حزب اللہ نے ٹیلی گرام پر جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ جھڑپوں میں 17 اسرائیلی فوجوں کو ہلاک کیا ہے۔تاہم، اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان پر حملے کے بعد سے اب تک صرف 9 جنگی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔شنہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں لبنان کے عسکری ذرائع اور حزب اللہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ تقریباً 10 گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد حزب اللہ عدیسہ اور کفر کلی کے جنوب مشرقی دیہات کی طرف اسرائیلی پیش قدمی کو روکنے میں کامیاب ہو گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے سرحدی علاقے سے پیچھے ہٹنے کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان جھڑپوں کی شدت میں کمی آئی۔لبنانی عسکری ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے عدیسہ اور کفر کلی کے دیہات میں داخل ہونے پر حزب اللہ اور صہیونی فورسز کے درمیان جمعرات کی سہ پہر پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔ادھر، حوثیوں نے بحیرہ احمر میں اسرائیل کے اتحادی برطانیہ کے تیل بردار جہاز کو تباہ کر دیا۔

