تاثیر 08 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ہگلی 8/نومبر(تاثیر بیورو) یوں تو پورے مغربی بنگال میں اخوت، بھائی چارگی اور ہم آہنگی کے ساتھ تمام تہوار مناۓ جاتے ہیں لیکن چاپدانی کی خاصیت یہ ہےکہ یہاں ہر مذہب، زبان اور مختلف ریاستوں کے لوگ رہتے ہیں۔ ساتھ ہی یہ علاقہ محنت کشوں کا ہے۔ ایسے حالات میں آپسی محبت، بھائی چارگی اور ہم آہنگی کے ساتھ ایک دوسرے کے تہوار میں شامل ہونا عظیم مثال ہے۔ ان باتوں کا اظہار ایم پی کلیان بنرجی نے کل شام چاپدانی کے پلتا گھاٹ کے جگدھرتی پوجاکا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں یہاں ہر تہوار عید، محرم، درگا پوجا، دیوالی ، عید میلادالنبی، رام نومی وغیرہ میں آتا ہوں اور سبھی کو ایک دوسرے کو تہوار میں شامل ہونے خوشیاں مناتے دیکھتا ہوں۔ کوئی بھی مذہب بھید بھاؤ یا نفرت کی تعلیم نہیں دیتا بلکہ آپسی محبت، بھائی چارگی، ایک دوسرے کے کام آنے کا درس دیتا ہے۔ کچھ فرقہ پرست ایسے ہیں جو اپنے سیاسی مفاد کے لئے نفرت اور بھید بھاؤ سماج میں پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن یہاں کے عوام ان کے جھانسہ میں نہیں آتے بلکہ اپنے روایتی میل محبت اور بھائی چارگی کا نمونہ پیش کرکے کرارا جواب دیتے ہیں۔ اس موقع پر ایم ایل اے ارندم گوئن، چاپدانی میونسپلٹی کے چیئرمین سریش مشرا، وائس چیرمین بنوئے کمار، کونسلروں میں سورج گپتا، ماسٹر محمد ذاکر حسین، ارون مشرا، بکرم گپتا، جیتندر سنگھ، کشور کیوٹ، کملا کانت، سنتوش تیواری اور دیگر لوگ موجود تھے۔