تاثیر 27 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 27 نومبر:مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں کراری شکست کے بعد مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے اتحادیوں میں بے اطمینانی کا اظہار کیا جانے لگا ہے۔بدھ کو شیوسینا (یو بی ٹی) کی میٹنگ میں مہاوکاس اگھاڑی کو چھوڑ کر اپنے طور پر الیکشن لڑنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کا جواب دیتے ہوئے کانگریس لیڈر وجے بدیٹیوار نے کہا کہ ان کی پارٹی بھی اس کے لیے تیار ہے۔ قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف اور شیو سینا ( یو بی ٹی) لیڈر امباداس دانوے نے بدھ کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ آج باندرہ کے ماتوشری بنگلہ میں پارٹی عہدیداروں کی میٹنگ بلائی گئی۔ اس میٹنگ میں موجود عہدیداروں اور لیڈروں نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی میں رہتے ہوئے الیکشن لڑنے سے پارٹی کو نقصان ہوا ہے۔ ہر کسی نے آئندہ الیکشن اپنی طاقت پر لڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔